صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بم دھماکہ قابل مذمت ہے ، کنوینر ایم کیوایم ندیم نصرت
نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں کے باوجود دہشت گردی کے المناک واقعہ نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، ندیم نصرت
کوئٹہ میں دہشت گردی، طالبان اور دیگرکالعدم جہادیوں تنظیموں کا اسٹائل ہے، ندیم نصرت
کالعدم جہادی تنظیمیں ،اسٹیبلشمنٹ کی کھلی سرپرستی میں جہادکے نام پر چندہ جمع کررہی ہیں،ندیم نصرت
جشن آزادی اسی صورت میں منایا جائے جب ملک وقوم کو دہشت گردی سے نجات حاصل ہوجائے، ندیم نصرت
ہماری ترجیح ہونی چاہیے کہ ہم پاکستان کے اصل دشمنوں کی نشاندہی کریں ،ندیم نصرت
لندن۔۔۔8، اگست2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں وکلاء سمیت درجنوں شہریوں کے شہید وزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں ندیم نصرت نے سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے لواحقین سے دلی یکجہتی کااظہارکیا اور سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے سوگ کے اعلان کی مکمل حمایت بھی کی ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیوں کے باوجود دہشت گردی کے المناک واقعہ نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے اور ان سوالات کا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جواب دینا ہوگا۔ندیم نصرت نے کہاکہ کوئٹہ میں دہشت گردی کاجو اسٹائل اپنایاگیا ہے وہ طالبان اور دیگرکالعدم جہادیوں تنظیموں کا اسٹائل ہے جو اسٹیبلشمنٹ کی کھلی سرپرستی میں سرعام جہادکے نام پر چندہ جمع کررہی ہیں ۔ وقت کا تقاضاہے کہ ہمیں جھوٹ اور منافقت سے کام لینے کے بجائے کھل کر تسلیم کرناچاہیے کہ معصوم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے دہشت گرد کو ن ہیں اور ان دہشت گردوں کی سرپرستی کون کررہا ہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ایک جانب سفاک دہشت گرد ، معصوم شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں اور دوسری جانب جشن آزادی کی تیاریاں کی جارہی ہیں ، جشن آزادی اسی صورت میں منایا جائے جب ملک وقوم کو دہشت گردی، مذہبی انتہاء پسندی اور مذہبی جنونیت سے نجات حاصل ہوجائے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے کہ ہم پاکستان کے اصل دشمنوں کی نشاندہی کریں نہ کہ ان لوگوں پر انگلیاں اٹھائیں جو اپنے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔ ندیم نصرت نے سانحہ کوئٹہ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکیا اور بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔