آزادکشمیرکے نومنتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدرکو قائد تحریک الطاف حسین کی مبارکباد
نومنتخب وزیراعظم آزادکشمیر کی ترقی وخوشحالی اور کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بھرپورکردار ادا کریں گے، الطاف حسین
لندن۔۔۔31، جولائی2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ن لیگ کے امیدوارراجہ فاروق حیدرکو آزادکشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے تہنیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے امیدظاہر کی کہ آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، کشمیری عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلائیں گے، کشمیریوں کے وسیع ترمفاد کیلئے آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں تمام سیاسی جماعت کے نمائندوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،آزادکشمیر کی ترقی وخوشحالی اور کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں گے ۔ جناب الطاف حسین نے راجہ فاروق حیدرکو آزادکشمیرکا وزیراعظم منتخب ہونے پروزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف، مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنماؤں ، منتخب نمائندوں ، کارکنان اورآزادکشمیر کے عوام کو بھی دلی مبارکبادپیش کی ۔