ایم کیوایم کے زیراہتمام کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ
احتجاجی مظاہرے میں شہید،اسیراورلاپتہ کارکنان کے اہل خانہ کی شرکت،مظاہرین نے پلے کارڈزاٹھاکرماورائے عدالت قتل کے واقعات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا
مظاہرے میں کنورنویدجمیل، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، گلفرازخان،محفوظ یارخان اوردیگر کا خطاب
کراچی ۔۔۔11، جولائی 2016ء
رینجرز حراست میں ایم کیوایم لانڈھی ٹاؤن یونٹ 81کے کارکن ریاض الحق کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام پیر کو کراچی پریس کلب کے باہر زبردست پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرے میں ایم کیوایم کے شہید ، اسیر ، لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اور ماورائے آئین وقانون اقدامات کے خلاف زبردست نعرے بازی کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اوربینرز اٹھارکھے تھے جن پر ’’ایم کیوایم کے تمام لاپتہ کارکنان کو فوری بازیاب کیاجائے ‘‘’’ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کو رہا کرو ‘‘’’ہمارے بچے عدالت میں کب پیش ہوں گے ؟‘‘’’غیر قانونی چھاپے و گرفتاریوں سے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ‘‘’’قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحویل میں کارکنوں پر تشدد بند کرو ‘‘ ’’نسل پرست اہلکاروں کی نفرت سے کراچی کو بچاؤ ‘‘اور دیگر مطالبات اور کلمات جلی حروف میں تحریر تھے جبکہ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء ’’ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ‘‘’’غیر قانونی چھاپے و گرفتاریوں اور ماورئے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرو ‘‘’’زندہ ہے مہاجر زندہ ہے ‘‘’’جیلوں میں جاکر زندہ ہے ‘‘’’نعرہ الطاف جئے الطاف ‘‘نعرہ متحدہ جئے متحدہ ‘‘ دیگر نعرے پرجوش انداز میں لگاتے رہے ۔ مظاہرے کے شرکاء اپنے ہاتھو ں میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کی تصاویر اور ایم کیوایم کے پرچم اٹھا رکھے جبکہ اسٹیج پرکے عقب میں ایک بڑی اسکرین لگائی گئی تھی جس پر ’’ایم کیوایم کا کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاج ‘‘ واضح الفاظ میں تحریر تھا۔ احتجاجی مظاہرے کا باقاعدہ آغاز5بجکر40منٹ پر تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا ناصر یامین نے حاصل کی ۔ مظاہرے کے شرکاء سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنو ر نوید جمیل ، مرکزی رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، رابطہ کمیٹی کے ارکان گلفراز خان خٹک ، محفوظ یار خان ، حق پرست رکن سندھ اسمبلی وقار حسین شاہ اور شہید ریاض الحق کے بھائی اکرام الحق نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، منتخب بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے ۔
English Viewers