ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیاجائے، ندیم نصرت
ایم کیوایم کے ٹاؤن آرگنائزر حامد حسین ہاشمی کسی بھی الزام میں رینجرز کو مطلوب نہیں ہیں، ندیم نصرت
حامد حسین کی بلاجواز گرفتاری نے ثابت کردیاہے کہ کراچی میں جنگل کاقانون رائج ہے، ندیم نصرت
قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں قیام امن کے بجائے ایم کیوایم کو ختم کرنے میں مصروف ہیں، ندیم نصرت
وزیراعظم نوازشریف ، ایم کیوایم کے کارکنان اوران کے اہل خانہ سے عید کی خوشیاں چھیننے کا سلسلہ بند کرائیں ، ندیم نصرت
لندن ۔۔۔5، جولائی2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے عید سے صرف ایک دن پہلے رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم گلستان جوہر ٹاؤن کے آرگنائز سید حامد حسین ہاشمی کی بلاجواز اورغیرقانونی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاہے کہ ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیاجائے ۔ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ سید حامد حسین ہاشمی نہ تو کسی الزام میں رینجرز کومطلوب ہیں اورنہ ہی ان کا نام کسی ایف آئی آر میں شامل ہے اور وہ اپنے گھرمیں رہتے ہوئے ایم کیوایم کے فکروفلسفہ کو عام کررہے تھے لیکن رینجرز نے انہیں عین عید کے موقع پر بلاجواز گرفتارکرکے ثابت کردیاہے کہ کراچی میں جنگل کاقانون رائج ہے ۔انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں قیام امن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے بجائے ایم کیوایم کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں تاکہ ضمیرفروش عناصر کو کراچی کے عوام پر مسلط کیاجاسکے،ایک طرف تو رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کے بنیادی انسانی حقوق سلب کیے جارہے ہیں ، انہیں بلاجواز گرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہاہے ،بے گناہ کارکنان اور ان کے اہل خانہ کو عیدکی خوشیوں سے محروم کیاجارہا ہے ، جبروتشدد اورریاستی طاقت کا ناجائز استعمال کرکے انکی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرائی جارہی ہیں جبکہ دوسری طرف کراچی میں اغواء برائے تاوان، قتل وغارتگری، بھتہ خوری ،زمینوں پر قبضوں میں ملوث اورفرقہ وارانہ فسادات کرنے والے اصل جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی سرپرستی کی جارہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور جرائم کا خاتمہ کرنا رینجرز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بنیادی فرض ہے لیکن اگرریاستی ادارے اپنے بنیادی فرائض نظرانداز کرکے ایک پارٹی بن جائیں ، عوامی مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں مصروف ہوجائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی کھلے عام سرپرستی کرنے لگیں تو پھر کراچی میں قیام امن کی راہ کیسے ہموار کی جاسکتی ہے ؟
ندیم نصرت نے وزیراعظم محمد نوازشریف ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم گلستان جوہر ٹاؤن کے آرگنائزر سید حامد حسین ہاشمی کی غیرقانونی گرفتاری کا فوری نوٹس لیاجائے ، ایم کیوایم کے کارکنان اوران کے اہل خانہ سے عید کی خوشیاں چھیننے کا سلسلہ بند کرایاجائے ، تمام گرفتارشدگان کو فی الفوررہاکیاجائے اوررینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان وعوام کے انسانی حقوق کی مسلسل پامالی کا مذموم سلسلہ بند کرایاجائے۔