مدینہ منورہ، قطیف اور جدہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے پوری مسلم امہ کیلئے بڑا سانحہ ہیں۔ الطاف حسین
اسلام کے نام پر معصوم وبے گناہ انسانوں کوخون میں نہلانے والے درندہ صفت لوگوں نے اب مقامات مقدسہ کو بھی اپنی دہشت گردی کانشانہ بنانے کی سنگین کوششیں شروع کردی ہیں
انبیائے کرام ؑ ، صحابہ کرامؓ اوراولیائے کرامؓ کے مزارات کے بعد اب مسجدنبویؐ کودہشت گردی کانشانہ بنانے کی
گھناؤنی کوشش کرنے والے کسی بھی طرح اسلام اورمسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے ۔ الطاف حسین
مدینہ منورہ،جدہ اورقطیف میں دھماکوں میں شہیدہونے والوں کے لواحقین سے الطاف حسین کااظہار تعزیت
ایم کیوایم دکھ اورغم کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلیمان کے ساتھ ہے ۔ الطاف حسین
ؒ لندن ۔۔۔ 4جولائی 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے سعودی عرب کے شہروں مدینہ منورہ، قطیف اورجدہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوردہشت گردی کے ان واقعات کونہ صرف سعودی عرب کے لئے بلکہ پوری مسلم امہ کے لئے ایک بڑاسانحہ قراردیاہے ۔ اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ اسلام کے نام پر معصوم وبے گناہ انسانوں کوخون میں نہلانے والے درندہ صفت لوگوں نے اب مقامات مقدسہ کوبھی اپنی دہشت گردی کانشانہ بنانے کی سنگین کوششیں شروع کردی ہیں جوکسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے نام پر انبیائے کرام ؑ ، صحابہ کرامؓ اوراولیائے کرامؓ کے مزارات کے بعد اب نبی آخرالزماں حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کی مسجدنبوی کودہشت گردی کانشانہ بنانے کی گھناؤنی کوشش کرنے والے کسی بھی طرح اسلام اورمسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے ۔ جناب الطاف حسین نے مدینہ منورہ،جدہ اورقطیف میں دھماکوں میں شہیدہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہارکیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان شہداء کواپنی جواررحمت میں جگہ عطافرمائے ۔انہوں نے خودکش دھماکوں کے واقعہ پرسعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلیمان سے بھی دلی تعزیت کااظہارکیااورکہاکہ دکھ اورغم کی اس گھڑی میں ایم کیوایم آپ کے ساتھ ہے ۔