ایم کیوایم کل کی شام سانحہ اورلینڈوکے متاثرین سے اظہاریکجہتی کیلئے لندن میں تعزیتی تقریب منعقد کرے گی
دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ہائیڈ پارک لندن میں تعزیتی اجتماع منعقدہوگا
اورلینڈو میں جاں بحق ہونے والے معصوم وبے گناہ افراد کی یاد میں شمع روشن کی جائیں گی
برطانیہ کے کارکنان وعوام ،تعزیتی اجتماع میں بھرپورشرکت کریں، ایم کیوایم برطانیہ
لندن۔۔۔14،جون2016ء
متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کے تحت امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے کل بروز بدھ کو ہائیڈ پارک(اسپیکرکارنر) لندن میں تعزیتی اجتماع منعقد کیاجائے اور جاں بحق ہونے والے معصوم وبے گناہ افراد کی یاد میں شمع روشن کی جائیں گی ۔ تعزیتی تقریب کا آغاز ٹھیک شام ساڑھے چھ بجے کیاجائے گا جوکہ رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی۔ تعزیتی تقریب میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ، ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی ، برطانیہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ذمہ داران ، کارکنان ، ان کے اہل خانہ اوربرطانیہ میں مقیم پاکستانی شرکت کریں گے اور امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی کے علاوہ دہشت گردی کا شکارہونے والے معصوم وبے گناہ افراد کی یاد میں شمعیں بھی روشن کریں گے ۔
دریں اثناء ایم کیوایم برطانیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے برطانیہ کے تمام شہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان اورہمدرد عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل شام سانحہ اورلینڈو کے متاثرہ خاندانوں سے اظہاریکجہتی کیلئے منعقد ہونے والے تعزیتی اجتماع میں بھرپورشرکت کریں اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں۔