پی اینڈ ٹی کالونی میں جاری غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کا دھند ہ فی الفور بند کرایاجائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
غیر قانونی تعمیرات اورناجائز تجاوزات کے قیام پر P&Tکے عوام سراپا احتجاج ہیں،ر ابطہ کمیٹی ایم کیوایم
حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات اورناجائز تجاوزات کا مکروہ کاروبار بند کرنے کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام سے P&Tکالونی کی تاریخی حیثیت متاثر ہورہی ہیں اور علاقے میں پانی ، بجلی ، سیوریج کے مسائل بھی سنگین ہوتے جارہے ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی آپریشن غیر جانبدارانہ ہے تو شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام میں ملوث بااثر ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے کیوں اوجھل ہیں، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔9، جون 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ڈیفنس کلفٹن کے علاقے P&Tکالونی میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ P&Tکالونی میں جاری غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کا دھند ہ فی الفور بند کرایاجائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات اورناجائز تجاوزات کے قیام سے P&Tکے عوام سراپا احتجاج ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات اورناجائز تجاوزات کا مکروہ کاروبار بند کرنے کیلئے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے ٹارگٹ آپریشن جاری ہے اور اس آپریشن میں صرف اور صرف ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے جبکہ شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام کے دھندے میں ملوث عناصر نہ صرف آزاد ہیں بلکہ قانون کی گرفت سے بھی محفوظ ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام سے P&Tکالونی کی نہ صرف تاریخی حیثیت متاثر ہورہی ہیں بلکہ علاقے میں پانی ، بجلی ، سیوریج کے مسائل بھی سنگین ہوتے جارہے ہیں اور غیر قانونی تعمیرات و ناجائز تجاوزات کا بوجھ بھی پی اینڈ ٹی کالونی کے مکین جبراً اٹھانے پر مجبور ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگر کراچی آپریشن غیر جانبدارانہ ہے تو شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام میں ملوث بااثر ملزمان قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے کیوں اوجھل ہیں اور انہیں کس کی سرپرستی حاصل ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم پر جتنے چاہے مظالم ڈھا لئے جائیں ، اسے چائنا کٹنگ میں ملوث قرار دیاجائے لیکن ایم کیوایم ہر اس مسئلے پر آواز بلند کرے گی جو غیر قانونی، ناجائز اور عوامی امنگوں کے بر خلاف ہو چاہے اس کیلئے ایم کیوایم کو کوئی بھی قیمت کیوں نہ چکانا پڑے ۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ P&Tکالونی میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کی اطلاع بمعہ ثبو ت و شواہد انتظامیہ کو فراہم کئے جاچکے ہیں لیکن انتظامیہ کی خاموشی کچھ اور ہی قصہ بیان کررہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیرا علیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ P&Tکالونی میں غیر قانونی تعمیرات اور ناجائز تجاوزات کے قیام فی الفور رکوایاجائے اور اس کی سرپرستی میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرکے آئین و قانون کے مطابق سخت سے سخت ترین سزا دی جائے ۔
English