تمام تر دعوؤں کے باوجود رمضان المبارک کے مہینے میں کراچی میں پانی کا بحران اور بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہنا شہریوں پر کھلا ظلم ہے ، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
وفاقی حکومت ، حکومت سندھ اور متعلقہ ادارے شہریوں کو بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں اور رمضان المبارک کے مہینے میں بھی خواب غفلت کا شکار ہیں، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
کراچی کے عوام سے سب سے زیادہ ریونیو لینے کے باوجود انہیں پانی اوربجلی کی بنیادی سہولیت کی فراہمی کیلئے ترسائے جانے کا عمل کیا نفرت اور تعصب سے تعبیر نہیں کیاجائے گا ؟ حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
حکومت اور متعلقہ اداروں کے تمام تردعوؤں کے باوجود رمضان المبارک میں پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
کراچی جو پورے ملک کو پال رہا ہے کیا یہاں کے شہریوں کیلئے پانی اور بجلی کی بنیادی سہولت کی فراہمی بھی غیر قانونی ، غیر آئینی اور ممنوع ہے ؟، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
حکومتیں ، کراچی میں پانی اور بجلی کے بحران کے مستقل حل کرنے کیلئے اب تک صرف دعوے اور وعدے ہی کرکے کیوں راہِ فرار اختیار کررہی ہیں، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
کراچی میں بجلی اور پانی کی فراہمی کیلئے دعوؤں اور وعدوؤں کے بے حسی کے عمل سے نکل کر شہریوں کو فی الفور ریلیف فراہم کیاجائے، حق پرست اراکین سندھ اسمبلی
کراچی ۔۔۔9، جون 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین سندھ اسمبلی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کراچی میں پانی کی شدید قلت اور بجلی کی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو لاحق مشکلات اور پریشانیوں پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام تر دعوؤں کے باوجود رمضان المبارک کے مہینے میں شہر میں پانی کا بحران اور بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہنا شہریوں پر کھلا ظلم ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کے بحران اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام پہلے ہی پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار تھے اور اب رمضان المبارک میں بھی شہریوں کو پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی سے ثابت ہوچکا ہے کہ وفاقی حکومت ، حکومت سندھ اور متعلقہ ادارے شہریوں کو بنیادی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں اور رمضان المبارک کے مہینے میں بھی خواب غفلت کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں کروڑوں عوام رہتے ہیں جو حکومت کو ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس کی مد میں پیسہ دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کراچی اور اس کے عوام کو پانی اور بجلی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترسائے جانے کا عمل کیا نفرت اور تعصب سے تعبیر نہیں کیاجائے گا ؟۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں کے تمام تردعوؤں کے باوجود رمضان المبارک میں پانی اور بجلی کا بحران نہ صرف شدت اختیار کرگیاہے بلکہ شہریوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہیں اور وہ رمضان المبارک میں روزے اور عبادت سے بھی محروم ہورہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کراچی جو پورے ملک کو پال رہا ہے کیا یہاں کے شہریوں کیلئے پانی اور بجلی کی بنیادی سہولت کی فراہمی بھی غیر قانونی ، غیر آئینی اور ممنوع ہے ؟ اور حکومتیں شہر میں پانی اور بجلی کے بحران کے مستقل حل کرنے کیلئے اب تک صرف دعوے اور وعدے ہی کرکے کیوں راہِ فرار اختیار کررہی ہیں اور ملک کی ترقی کے انجن شہر کراچی کو کیوں تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہیں ؟ ۔حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پانی اور بجلی کے بحران کا سختی سے نوٹس لیں، کروڑوں عوام کی رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پریشانیوں اور مشکلات کا فی الفور ادراک کیاجائے اور کراچی میں بجلی اور پانی کی فراہمی کیلئے دعوؤں اور وعدوؤں کے بے حسی کے عمل سے نکل کر شہریوں کو فی الفور ریلیف فراہم کیاجائے ۔
English