محمد علی کے انتقال سے باکسنگ کی تاریخ کا ایک سنہراباب ختم ہوگیا ہے، الطاف حسین
بین الاقوامی شہرت یافتہ لیجنڈ باکسر محمد علی کلے کے انتقال پرقائدایم کیوایم الطاف حسین کا اظہار تعزیت
محمد علی کلے نے شب وروز انتھک محنت اور صلاحیت سے باکسنگ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا، الطاف حسین
محمد علی کلے کے انتقال سے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے، الطاف حسین
لندن۔۔۔4، جون2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے بین الاقوامی شہرت یافتہ لیجنڈ باکسر محمد علی کلے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ محمد علی کلے نہ صرف بہترین اسپورٹس مین تھے بلکہ انسانی حقوق کے سفیر بھی تھے ۔ انہوں نے شب وروز انتھک محنت اور صلاحیت سے باکسنگ کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا، باکسنگ چمپیئن سمیت دنیائے باکسنگ کے کئی اہم ٹائٹل اپنے نام کیے اورباکسنگ کے میدان میں تاریخی کامیابی حاصل کرکے دنیا بھر میں اپنے مداح پیدا کیے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ محمد علی کلے کے انتقال سے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو شدید صدمہ پہنچا ہے، میڈیا اور بالخصوص سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد نے محمد علی کلے کے انتقال پر دکھ کا اظہارکیا ہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ محمد علی کلے کے انتقال سے باکسنگ کی تاریخ کا ایک سنہراباب ختم ہوگیا ہے لیکن وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ جناب الطاف حسین نے محمد علی کلے کے سوگوارلواحقین اور مداحوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت پاکستان کی چوتھی بڑی سیاسی جماعت کے تمام کارکنان اور ہمدرد عوام ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محمد علی کلے کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کویہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔ (آمین)