ایم کیوایم حافظ آباد کے ضلعی صدر مبارک علی بٹ قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے
مقامی جج کے بھائی رائے نوید اور رائے امتیاز نے غنڈوں کے ہمراہ مبارک علی کے گھرپر قاتلانہ حملہ کیا
رائے نوید نے مبارک علی بٹ کوفائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا
ایم کیوایم حافظ آباد کے ضلعی صدر مبارک علی بٹ پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
قاتلانہ حملے میں ملوث رائے نوید اور دیگر دہشت گردوں پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔31، مئی2016ء
متحدہ قومی موومنٹ حافظ آباد پنجاب کے ضلعی صدر مبارک علی بٹ قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے ۔ مقامی جج کے بھائی رائے نوید اور رائے امتیاز نے اپنے مسلح غنڈوں کے ہمراہ مبارک علی کے گھرپر قاتلانہ حملہ کیا ۔ رائے نوید نے فائرنگ کرکے مبارک علی کو شدید زخمی کردیا۔ مبارک علی کو تشویشناک حالت میں حافظ آبا دسے لاہور کے مقامی اسپتال میں شفٹ کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر ان کی زندگی بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم پنجاب ضلع حافظ آباد کے ضلعی صدرمبارک علی بٹ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چند روز قبل مبارک علی ایک شادی کی تقریب میں شریک تھے جہاں ایم کیوایم کے حوالہ سے مقامی جج کے بھائی رائے نوید اور رائے امتیازسے ان کی تلخ کلامی ہوئی تھی ۔ آج رائے نوید اور رائے امتیاز نے بلاوجہ اپنے مسلح غنڈوں کے ہمراہ مبارک علی کے گھرپر حملہ کیا، لاٹھیوں اورڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا اورپھر رائے نوید نے مبارک علی کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم دشمنی میں صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کو بھی مسلح دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم حافظ آباد کے ضلعی صدر مبارک علی بٹ پر قاتلانہ حملے کا نوٹ لیا جائے، ایم کیوایم کے بے گناہ ذمہ داروں اورکارکنوں کو تحفظ فراہم کیاجائے، قاتلانہ حملے میں ملوث رائے نوید اور دیگر دہشت گردوں پر اقدام قتل کا مقدمہ درج کیاجائے اور
انہیں گرفتارکرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے ۔علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے مبارک علی بٹ سے دلی ہمدردی ویکجہتی کااظہارکیا اوراللہ تعالیٰ کے حضور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔