پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ لمیٹڈ کے ملازمین کو 6ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پررابطہ کمیٹی کااظہار تشویش
ملازمین رمضان المبار ک اور عید الفطرکی آمد کے موقع پر بھی تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، رابطہ کمیٹی
پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ کے ملازمین کو 6ماہ کی تنخواہوں سمیت رمضان پیکیج اور عید الفطر کے بونس کی
ادائیگی یقینی بنائیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔24، مئی 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ لمیٹڈ کے ملازمین کو 6ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر گہر ی تشویش کااظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ ملازمین کو 6ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھنا سراسر ظلم ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ لمیٹڈ کے ملازمین 6ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار ہیں اور مہنگائی کے اس دور میں ملازمین کے اہل خانہ فاقہ کشی اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دنیا بھر کے اسلامی ممالک ہی نہیں بلکہ غیر اسلامی ممالک میں بھی رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پر ملازمین اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے لیکن پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبرکیٹنگ کے ملازمین رمضان المبار ک اور عید الفطرکی آمد کے موقع پر بھی تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو رمضان المبارک اور عید الفطر کی خوشیوں میں شریک کرنے کیلئے فی الفور مثبت اقدامات کریں اور پاکستان اسٹیل مل اور پاکستان اسٹیل فیبریکیٹنگ کے ملازمین کو 6ماہ کی تنخواہوں سمیت رمضان پیکیج اور عید الفطر کے بونس کی ادائیگی یقینی بنائیں ۔