ملک کو قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک جدید جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ،الطاف حسین
قائدِاعظم محمد علی جناح ایک عظیم اور روشن خیال بالغ نظر لیڈر تھے۔قائد اعظم پاکستان میں خوشحالی ، روشن خیالی ، مذہبی رواداری ، حقیقی جمہوریت ، تعلیم و ترقی ، شخصی آزادی اور انسانی حقوق کے احترام کے خواہاں تھے۔ایک ایک پاکستانی اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان سے غربت ، جہالت ، جبر و ناانصافی، مذہبی منافرت اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے سرگرمِ عمل ہو جائے ۔ الطا ف حسین کی پوری قوم سے اپیل
قائد اعظم محمد جناح کے 65ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی بیان
لندن۔۔۔11ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک جدید جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں ۔قائد اعظم محمد جناح کے 65ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں جنا ب الطاف حسین نے کہاکہ قائدِاعظم محمد علی جناح ایک عظیم اور روشن خیال بالغ نظر لیڈر تھے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد اعظم پاکستان میں خوشحالی ، روشن خیالی ، مذہبی رواداری ، حقیقی جمہوریت ، تعلیم و ترقی ، شخصی آزادی اور انسانی حقوق کے احترام کے خواہاں تھے لیکن بد قسمتی سے ملک کے قیام کے فوراً بعد ان کے انتقال کی وجہ سے پاکستان اپنے قیام کے مقاصد کے حصول سے محروم رہ گیا اور آج پاکستان وہاں نہیں کھڑا جس کا خواب اس کے قائدین نے دیکھا تھا ۔ جناب الطاف حسین نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کو قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ڈھالنے کے لئے اور اسے اقوامِ عالم میں سراُٹھاکے چلنے کے قابل بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ایک ایک پاکستانی اپنا کردار ادا کرے اور پاکستان سے غربت ، جہالت ، جبر و ناانصافی، مذہبی منافرت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سرگرمِ عمل ہو جائے ۔