امریکی سفارتخانے کے تردیدی بیان کے بعد ایم کیوایم مخالفین ایک مرتبہ پھر خفت میں مبتلا ہیں اور خفت سے آئندہ بچنے کیلئے انہیں آئندہ جھوٹ اور سچ میں تمیز کرنی ہوگی، حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی
19ہزار کنٹینرز چوری کے تردیدی بیان پر ایم کیوایم کی سچائی ثابت ہونے پر عوام و کارکنان کو دلی مبارکباد
کراچی ۔۔۔8، ستمبر2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے امریکی سفارتخانے کے اس تردیدی بیان کہ ’’کراچی سے 19ہزار کنٹینرز چوری نہیں ہوئے‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پر بیہودہ ، بے بنیاد ، من گھڑت ، جھوٹے الزامات عائد کرنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ایک بار پھر شرمندگی کا سامنا اور اپنی گھناؤنی سازشوں میں عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کرنے کی پاداش میں ایم کیوایم پر جناح پور کے جعلی نقشے، میجر کلیم قتل کیس، حکیم سعید قتل کیس، مہاجر ری پبلکن آرمی کے شوشہ سمیت 11مئی جیسے سانحات رونما کرانے کے علاوہ ایم کیوایم پر ایک پولیس سپاہی کی ٹوپی چرانے تک کا الزام لگایا گیا اور ہر جبر و ظلم کے ہتھکنڈے استعمال کرکے ایم کیوایم کوکچلنے کی ناپاک کوششیں کی گئیں ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پر ماضی میں بھی جتنے مذموم الزامات لگائے گئے جب ان کی حقیقت عوام کے سامنے آئی تو ایم کیوایم ہمیشہ سرخرو ہوئی اور ایم کیوایم کا ہمیشہ سرخرو ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سیاسی و مذہبی جماعتیں ایم کیوایم دشمنی میں اندھی ہوچکی ہے اور جھوٹ اور سچ کی تمیز بھلا بیٹھی ہیں ، ایم کیوایم کو بدنام کرنے کیلئے وہ ان کیسوں کا رونا آج تک رو رہی ہیں جن کیسوں میں عدلیہ ایم کیوایم کو باعزت بری کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی سے 19ہزار کنٹینرز چوری کا الزام ایم کیوایم کے وزیرکے سر تھوپنے والے آج امریکی سفارتخانے کے تردید ی بیان کے بعد ایک مرتبہ جس خفت میں مبتلا ہیں اس سے بچنے کیلئے انہیں آئندہ جھوٹ اور سچ میں تمیز کرناہوگی ، جمہوری روایات کا پاس رکھنا ہوگا اور مفادات کی سیاست سے نکل کر ملک و قوم کیلئے سوچنا ہوگا ۔ حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے امریکی سفارتحانے کی جانب سے کراچی سے 19ہزار کنٹینرز چوری ہونے کے تردیدی بیان سے ایک مرتبہ پھر حق و سچ کی فتح پر ملک بھر کے عوام و کارکنان کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قافلہ حق پرستی کو اب کوئی بھی سازش ، پروپیگنڈہ اور نفرت انگیز تعصب پر مبنی باتیں ہرگز نہیں روک سکتی۔