ایم کیوایم کے تحت شہید کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی ، اسیر کارکنان کی رہائی ، ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے حاضری و فریاد کے عنوان سے مزار قائدپر دھرنا دیاگیا
دھرنے کے شرکاء نے مزار قائد پردوپہر 2بجے سے لیکر بعد نماز عصر تک شہدوں کے بلند درجات ، اسیر کارکنان کی رہائی اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے قرآن خوانی کی اور آیت کریمہ کا ورد کیا
حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے آفتا ب احمد شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی کیلئے خصوصی دعا کرائی
دھرنے کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے شہید ، اسیر اورلاپتہ کارکنان کی تصاویر کے پورٹریٹ اور اس حوالے
سے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے
دھرنے میں شریک شہید ، اسیر اور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ اور لواحقین نے رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور اپنے پیاروں کا مقدمہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح ؒ کے سامنے رکھا
دھرنے کے اختتام پر آفتاب احمد شہید اور تمام حق پرست شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
کراچی ۔۔۔12، مئی 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے شہید کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی ، اسیر کارکنان کی رہائی ، ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے حاضری و فریاد کے عنوان سے دھرنا جمعرات کو مزار قائدکے سامنے منعقد ہوا جس میں شہیدوں ، اسیروں اور لاپتہ کارکنوں کے لواحقین اور اہلخانہ جن میں مائیں ، بہنیں ، بزرگ اور بچے بچیاں شامل تھی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ دھرنے کے شرکاء نے مزار قائد پردوپہر 2بجے سے لیکر بعد نماز عصر تک شہدوں کے بلند درجات ، اسیر کارکنان کی رہائی اور لاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلئے قرآن خوانی کی اور آیت کریمہ کا ورد کیا ۔ دھرنے کے شرکاء سے ایم کیوایم کے قائد جناب الطا ف حسین نے بھی لندن سے خصوصی طو رپر ٹیلی فونک خطاب کیا ۔ بعدازاں حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے آفتا ب احمد شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لاپتہ کارکنان کی بازیابی ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی ، ان کے بلند حوصلے ، ملک میں نئے صوبوں کے قیام ،ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے ، حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت تندرستی کیلئے خصوصی دعا کرائی۔مزار قائد پر حاضری اور فریاد کے اجتماع کے شرکاء دوپہر 2بجے سے موجود تھے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم کے شہید ، اسیر اورلاپتہ کارکنان کی تصاویر کے پورٹریٹ اٹھا رکھے تھے جبکہ اجتماع میں بینرز بھی آویزاں تھے جن پر ’’کیا برصغیرکے مسلمانوں کو انگریزوں کی غلامی سے نجات دلانا گناہ ہے ‘‘’’بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے مہاجر قوم کے شہید ،لاپتہ ، اسیر کارکنان کے اہل خانہ کی فریاد ‘‘’’بانیان پاکستان کی اولادیں کب تک فرزند زمین نہ ہونے کے طنعے سنتی رہیں گی ‘‘’’جنرل راحیل شریف صاحب آفتاب احمد شہید کے معصوم بچوں کو انصاف فراہم کریں ‘‘’’پاکستان میں مہاجروں کی جان ومال اور عزت و آبرو عدم تحفظ کا شکار ہے ، ’’کتنی آہوں سے تیرا کلیجہ ٹھنڈا ہوگا ، کتنے آنسوتیرے صحراؤں کو گلزار کریں ‘‘کے اشعار ،کلمات اورمطالبات درج تھے ۔ دھرنے میں شریک شہید ، اسیر اور لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ اور لواحقین نے رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور اپنے پیاروں کا مقدمہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد جناح ؒ کے سامنے بھی رکھا ۔ اس موقع پر انہوں نے ملک کی ترقی و خوشحالی اور ایم کیوایم کے خلاف ریاستی مظالم کے خاتمے کیلئے دعا بھی کی ۔ بعدازاں احتجاجی دھرنے کے شرکاء نے ایم کیوایم کے کارکن اور ڈاکٹر فارو ق ستار کے کو آرڈی نیٹر آفتاب احمد شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس دوران دھرنے کے شرکاء نے میڈیا کے سامنے اپنے پیاروں کی شہادت اور گمشدگی کے المناک اور درناک واقعات بیان کئے جنہیں سن کر ماحول پر سوگوار ہوگیا ۔ دھرنے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ جب سلمان تاثیر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے بیرون ملک سے بحفاظت واپس آسکتے ہیں تو ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان جو جو اپنے ہی اداروں کی تحویل میں ہیں انہیں بازیاب کیوں نہیں کرایا جاتا اور ایم کیوایم کے خلاف ظلم و ستم کب تک جارہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے ساتھ ہونے والا سلوک پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے کیونکہ ایم کیوایم ملک کی محب وطن جماعت ہے اور اسے دہشت گرد بنانے کی پالیسی تعصب اورنفرت پر مشتمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم قائد تحریک جناب الطا ف حسین کی امن پسندی کی پالیسی اور پاکستان کی محبت میں سب کچھ برداشت کررہے ہیں لیکن برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے اگر ہمارے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو یہ پاکستان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی اور اس کے ناتلافی نقصانات ہوں گے ۔