ایجنسیوں کے بعض افسران حقیقی دہشت گردوں اور ضمیرفروشوں کے ٹولہ کی مکمل سرپرستی کررہے ہیں، الطا ف حسین
جوسرکاری عناصر بھی حقیقی دہشت گردوں اور ضمیرفروش ٹولہ کی سرپرستی کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے، الطاف حسین
اختیارات سے تجاوزکرنے پران سرکاری عناصرکے خلاف مقدمہ چلاکرانہیں قرارواقعی سزادی جائے، آرمی چیف سے اپیل
سکھرکے درجنوں کارکنان کے خلاف تھانوں میں جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئیں،کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں، الطا ف حسین
پولیس افسران اوراہلکار ملازمت بچانے کیلئے اپنے افسران کے غیرقانونی اور جابرانہ احکامات پر عملدرآمد نہ کریں،الطاف حسین
سکھرکے کارکنان وعوام پر مظالم نہ ڈھائیں ، ایم کیوایم کے خلاف پارٹی نہ بنیں اور انصاف سے کام لیں، الطاف حسین
وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال اور دیگرذمہ دارصوبائی وزراء نے سکھرکے عوام پر مظالم بند نہ کرائے توعوام کا سیلاب ان کے محلات کو خس وخاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا، الطاف حسین
کے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ ان کے دل آج بھی ایم کیوایم اور الطاف حسین کیلئے دھڑکتے ہیں،الطاف حسین
حق پرست عوام نے تہیہ کررکھا ہے کہ وہ دوسرے درجہ کے شہری بننے اور ذلت کی زندگی کسی بھی قیمت پر گوارانہیں کریں گے، الطاف حسین
کراچی ، حیدرآباد، سکھراور میرپورخاص میں ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب
لندن۔۔۔9، مئی 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ جوسرکاری عناصر بھی حقیقی دہشت گردوں اور ضمیرفروش ٹولہ کی سرپرستی ومعاونت کررہے ہیں ان سب کے خلاف کارروائی کی جائے اوراختیارات سے تجاوزکرنے پران کے خلاف مقدمہ چلاکرانہیں قرارواقعی سزادی جائے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیرکے روزکراچی ، حیدرآباد، سکھراور میرپورخاص میں ایم کیوایم کے ذمہ داران اورکارکنان سے بیک وقت ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ سرکاری ایجنسیوں کے بعض افسران آج بھی حقیقی دہشت گردوں اور ضمیرفروشوں کے ٹولہ کی مکمل سرپرستی کررہے ہیں۔ ایک جانب لانڈھی میں رینجرز اورپولیس کی موجودگی میں حقیقی دہشت گردوں کو ایم کیوایم کے کارکنان کو ظلم وستم کا نشانہ بنانے کی چھوٹ دی جارہی ہے اوردوسری جانب عوام کے مستردکردہ ضمیرفروش ٹولے کو درجنوں پولیس موبائلوں کے ہمراہ مکمل سیکوریٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ گزشتہ روزبھی سرکاری سرپرستی میں ضمیرفروش عناصر کو پولیس کی درجنوں موبائلیں، موٹرسائیکلیں اورکاریں فراہم کی گئیں اور سرکاری سیکوریٹی میں سکھرلاکر یہ دعویٰ کیاگیا کہ سکھرکے عوام ایم کیوایم اور اپنے الطاف بھائی کو چھوڑ گئے ہیں اوراب ضمیرفروش عناصر سکھرکو فتح کرلیں گے لیکن سکھرکے عوام نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ ان کے دل آج بھی ایم کیوایم اور الطاف حسین کیلئے دھڑکتے ہیں،ایم کیوایم کے کروڑوں بزرگوں ، ماؤں ، بہنوں حتیٰ کہ ایسے بزرگ جو چلنے پھرنے سے قاصر ہیں اور بیٹھ کر نماز ادا کیاکرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور رو رو کراپنے قائد کیلئے دعائیں کرتے ہیں، وہ بچے جنہوں نے اپنے قائد الطاف حسین کو دیکھا تک نہیں ہے وہ بھی دعائیں کرتے ہیں اور ایسے ساتھی جنہوں نے قائد کو دیکھا نہیں لیکن وہ تحریک پرجان نچھاور کرنے کیلئے تیار رہتے ہیں اورجنہوں نے اپنے قائد کو دیکھا ہے انہوں نے 38 برسوں میں جس طرح حق پرستانہ جدوجہد میں ہرکٹھن اور مشکل حالات کاسامنا کیا اورثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اسی مثال پوری انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ضمیرفروش عناصر نے سکھر میں داخل ہونے کے بعد مہاجروں ، ان کی نمائندہ جماعت ایم کیوایم اور اس کی قیادت کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی توخواتین،بچوں، نوجوانوں حتیٰ کہ ایسے بزرگ جن کے ہاتھوں میں رعشہ تھا وہ تک شدید غصے میں آگئے اورانہوں نے ضمیرفروشوں کی مغلظات کے جواب میں شدیدغم وغصہ کا اظہارکیا جس کی پاداش میں سکھرکے درجنوں کارکنان کے خلاف تھانوں میں جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئیں،کارکنوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور پولیس کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ جناب الطاف حسین نے پولیس کے تمام افسران اور سپاہیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ سے ایم کیوایم کاکوئی جھگڑا نہیں ہے خدارا آپ اپنے بچوں کورزق حلال کھلانے کیلئے محنت مزدوری کرلیں لیکن ملازمت بچانے کیلئے اپنے افسران کے غیرقانونی اور جابرانہ احکامات پر عملدرآمد نہ کریں،سکھرکے کارکنان وعوام پر مظالم نہ ڈھائیں ، ایم کیوایم کے خلاف پارٹی نہ بنیں ، انصاف سے کام لیں اوریادرکھیں کہ اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آواز ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال اور دیگرذمہ دارصوبائی وزراء نے سکھرکے عوام پر مظالم بند نہ کرائے تو انشاء اللہ ایک دن مہاجرہی نہیں بلکہ قدیم سندھی ہاریوں،کسانوں، محنت کشوں ،مزدوروں اور عوام کا سیلاب ان کے محلات کو خس وخاشاک کی طرح بہا کر لے جائے گا ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سکھر میں 1994ء میں بھی چارمہاجرنوجوانوں کو گرفتارکرنے کے بعد دیوارکے ساتھ کھڑا کرکے گولیوں سے بھون ڈالاگیا تھا،اسی طرح 2000ء میں بھی آپریشن کے دوران سکھرکے زونل انچارج جہانگیرالطافی کوگرفتارکرنے بعداتناتشددکیاگیاکہ وہ بھی اس تشددکے نتیجے میں شہیدہوگئے ،سکھرکے عوام کا لہو بھی حق پرستی کی تحریک میں شامل ہے اور اب بھی جو پولیس افسریا اہلکار سکھرکے عوام پر مظالم ڈھائے گا اس کا حساب اللہ تعالیٰ خود لے گا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ، ایک جانب ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری جانب جرائم پیشہ ضمیرفروشوں کو پولیس موبائلوں کے قافلے فراہم کرکے ان کی سرپرستی کی جارہی ہے یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے کیونکہ ظلم وستم سے حق پرست عوام کو خوف زدہ نہیں کیاجاسکتاکیونکہ حق پرست عوام نے تہیہ کررکھا ہے کہ وہ دوسرے درجہ کے شہری بننے اور ذلت کی زندگی کسی بھی قیمت پر گوارانہیں کریں گے، چاہنے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑے ہم اپنے حقوق کے حصول تک حق پرستی کی جدوجہد کرتے رہیں گے ۔جناب الطاف حسین نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ سکھرکے عوام نے آپ کو ووٹ دیکر کامیاب بنایا ہے لہٰذا شہرکے کارکنان وعوام کی خبرگیری کرنااور کڑے وقت میں ان کی بھرپورمعاونت کرناآپ پر لازم ہے ۔ انہوں نے ہمت وجرات کے مظاہرے پر سکھرکی ماؤں، بہنوں ، بزرگوں ، بچوں ، تحریکی ساتھیوں اور سکھرزونل کمیٹی کے ارکان کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
English