ایم کیوایم ایلڈرزونگ کا تنظیم نو کے سلسلے میں خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں اجلاس
بزرگ کارکنان ایم کیوایم کیلئے اثاثہ ہیں ، رکن رابطہ کمیٹی عارف خان ایڈووکیٹ
بزرگوں کا عزم اور حوصلہ تحریک کو ہرکٹھن اور مشکل حالات میں سہارا فراہم کرتا ہے، رکن رابطہ کمیٹی عبد القادر خانزادہ
جناب الطاف حسین تحریک کے ہر فیصلے میں بزرگوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں، رکن رابطہ کمیٹی مطیع الرحمن
کراچی ۔۔۔21، اپریل 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ ایلڈرزونگ کا تنظیم نو کے سلسلے میں ایک اجلاس گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں ہوا جس میں ایلڈرزونگ کے ٹاؤن آرگنائزرز ، یوسی آرگنائزرز اور کمیٹیوں کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ تنظیم نو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ بزرگ کارکنان ایم کیوایم کیلئے اثاثہ ہیں اور تحریک پر جب بھی برا وقت آیاایم کیوایم کے ایک ایک بزرگ نے ہمت، حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم منزل کے حصول تک ضرور پہنچے گی اور جو ایم کیوایم دشمن قوتیں حق پرستانہ جدوجہد میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں وہ قدرت کے مکافات عمل سے ہرگز نہیں بچ سکتی ۔ تنظیم نو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبد القادر خانزادہ نے کہاکہ جن تحریکوں میں بزرگوں کی کثیر تعداد موجود ہوتی ہے وہ تحریکیں حوصلے،ہمت اور عزم سے مالا مال ہوتی ہیں اور یہی عزم اور حوصلہ تحریک کو ہرکٹھن اور مشکل حالات میں سہارا فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج نام نہاد ضمیر فروشوں کا ٹولہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کیلئے اسٹیبلشٹمنٹ کے بعض عناصر کی سرپرستی میں سرگرم ہے اور قائد تحریک جناب الطاف حسین کے خلاف بیہودہ اور غلیظ زبان کا استعمال کررہا ہے جس سے جناب الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے عوام کی دل آزاری ہورہی ہے اور ان میں غم وغصہ پایاجاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ایم کیوایم اور جناب الطاف حسین کے خلاف اسٹیبلشمنٹ کے بعض عناصر نے ایسی ہی سازشوں پر عمل کیا جن کے نتائج آج قوم کے سامنے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی کے رکن مطیع الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جناب الطاف حسین تحریک کے ہر فیصلے میں بزرگوں کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں اور ان کی رائے کا احترام کرتے ہیں اور تحریک کے کئی فیصلے جناب الطاف حسین نے بزرگوں کی رائے کو مد نظر رکھتے ہوئے کئے جو بعد میں تحریک کیلئے فائدے مند ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ بزرگوں کا تجربہ ، ثابت ، قدمی اور استقامت نوجوان کارکنان کیلئے مشعل راہ ہے جو نوجوان کارکنان کیلئے تحریک میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے معاون و مدد گار رہتا ہے ۔ انہوں نے ایلڈرزونگ کی نومنتخب انچارج و اراکین کو قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی اور تلقین کی بزرگ کارکنان اپنے فرائض کو اپنے تجربے اور علم کی روشنی میں ذمہ داری سے نبھائیں اور جناب الطاف حسین کے پیغام حق پرستی کو زیادہ سے زیادہ پھیلانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کریں ۔