پی ٹی آئی کی قیادت کے رویئے نے بہت مایوس کیاجس کے بعدمیں نے بغیرکسی دباؤایم کیوایم میں شمولیت اختیارکی،امجداللہ خان
ایم کیوایم میں شمولیت کافیصلہ میراہے تحریک انصاف کے رہنماء اس حوالے سے میرے گھروالوں کوتنگ نہ کریں
پیپلزپارٹی کی جانب سے مک مکاکے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں اگروہ سچے ہیں تو پہلے ثبوت پیش کریں
کراچی کے حلقہ این اے245سے تحریک انصاف کے منحرف امیدوارامجداللہ کی رکن رابطہ کمیٹی سیدامین الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی:۔۔۔7؍اپریل2016ء
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے245سے ایم کیوایم کے امیدوارمحمدکمال کے حق میں دستبردارہونے والے تحریک انصاف کے نامزدامیدوارامجداللہ خان نے کہاہے کہ میں پی ٹی آئی کی قیادت کے رویئے سے بہت مایوس ہواجس کے بعدمیں نے فیصلہ کیاکہ ایم کیوایم میں شمولیت اختیارکی جائے۔انہوں نے کہاکہ میں نے کسی دباؤکے بغیرایم کیوایم میں شمولیت اختیارکی ہے ،میرے تمام معاملات سے میرے اہل خانہ کاقطعی کوئی تعلق نہیں لہٰذا تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے میرے گھروالوں کو تنگ کرناکسی صورت درست نہیں۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مک مکاکے الزامات کی کوئی حیثیت نہیں اگروہ سچے ہیں تو پہلے ثبوت پیش کریں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن سیدامین الحق کے ہمراہ نارتھ ناظم آبادٹاؤن میں واقع ایم کیوایم کے ٹاؤن آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔امجد اللہ نے کہا کہ مجھے بہت سی آفرز تھیں لیکن میں نے ایم کیوایم میں شمولیت کافیصلہ کیا،پارٹی کے کچھ لوگ پی ٹی آئی کوخراب کررہے ہیں اورہرآدمی پارٹی میں دکان کھول کربیٹھاہوا ہے جبکہ عمران خان کہتے ہیں کہ میں سب کونکال دوں گااورصرف ایک شخص کورکھوں گالیکن انہیںیہ چیزیں دیکھنی چاہیں کہ آپ کی جماعت کوکون نقصان پہنچارہاہے۔پیپلزپارٹی کی جانب سے مک مکاکے الزامات پرامجداللہ نے کہاکہ میں نے کسی سے کوئی مک مکاکیااورنہ ہی کوئی سمجھوتہ ،کسی پرالزام لگاناپیپلزپارٹی کو زیب نہیں دیتا،میرے پاس پیسوں کی کمی نہیں،میرا پیٹ بھرا ہوا ہے،پیسے لیکرایم کیوایم میں شمولیت کے الزامات شرمناک ہیں۔اس موقع پررکن رابطہ کمیٹی سیدامین الحق نے کہاکہ امجداللہ نے اپنی مرضی سے ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کی ہے اوران کی شمولیت کوایم کیوایم کے خلاف پروپگنڈے کے طورپراستعمال کیاجارہاہے۔