میرپورخاص میں ایم کیوایم کے زونل آفس پر چھاپہ اور ذمہ داروں اور کارکنوں کی گرفتاریاں سراسر ظلم ہیں۔ الطاف حسین
ضمیر فروش ٹولے کو عوام پر مسلط کرنے کیلئے ریاستی طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔ الطاف حسین
پیپلز پارٹی کی حکومت کی ایماء پر پولیس کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنوں کوظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ الطاف حسین
اگرپیپلزپارٹی کی حکومت نے یہ ظلم بندنہیں کیا تواس پر احتجاج کی تمام ترذمہ داری حکومت پرعائد ہوگی۔ الطاف حسین
لندن ۔۔۔ یکم اپریل 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے میرپورخاص کے زونل آفس پر پولیس کے چھاپے ، زونل کمیٹی کے ارکان محمدعثمان ،شاہد عباسی، عرفان بروہی ،زونل انچارج مجیب الحق کے بھائی، دوبیٹوں اورکئی کارکنوں اورہمدردوں کی گر فتاری کی شدید مذمت کی ہے۔اپنے ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج پولیس نے میرپورخاص میں ایم کیوایم کے زونل آفس پر جس طرح چھاپہ مار کر وہاں ایم کیوایم کے کارکنوں ، ذمہ داروں اورہمدردوں کو گرفتارکیا، حق پرست رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر ظفرکمالی کے ساتھ بدتمیزی کی، خواتین کوبٹوں سے تشددکا نشانہ بنایا،زونل انچارج مجیب الحق کے گھرپرچھاپہ مارا اور انکے نہ ملنے پر ان کے دوکم سن بیٹوں 14سالہ منیب الحق اور 13 سالہ حسیب الحق کوگرفتار کرلیا۔ جب مجیب الحق کے بھائی محمد احتشام الحق ان بچوں کی رہائی کے سلسلے میں سیٹلائٹ ٹاؤن تھانے گئے توپولیس نے ان کوبھی حراست میں لے لیا۔اس کے علاوہ زونل کمیٹی کے رکن محمدعثمان کونمازکی ادائیگی کیلئے مسجد گئے توانہیں وہاں سے گرفتارکرلیاگیا ۔اس کے علاوہ کارکنوں گلزار، جہانزیب، کاشف مستقیم اوراطہرخان کوبھی گرفتار کیا گیا، چھاپوں اور گرفتاریوں کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اس ظلم سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ضمیر فروش ٹولے کوعوام پر مسلط کرنے کیلئے کس طرح ریاستی طاقت کااستعمال کیا جارہاہے اور پیپلز پارٹی کی حکومت کی ایماء پر پولیس کے ذریعے ایم کیوایم کے کارکنوں کوظلم کا نشانہ بنایاجارہا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر پیپلزپارٹی کی حکومت نے یہ ظلم بندنہیں کیا تواس پر احتجاج کی تمام ترذمہ داری حکومت پرعائدہوگی۔جناب الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص میں ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند کیاجائے اور گرفتار شدگان کوفی الفوررہاکیاجائے ۔