ضمیر فروش عناصر کی جانب سے قائد تحریک الطاف حسین کے خلاف مسلسل نازیبا زبان کا استعمال قابل مذمت ہے۔ رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
حکومت اس مسلسل کی جانے والی بیہودگی اور اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔ رابطہ کمیٹی
ہر سیاسی گروہ کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا جمہوری حق حاصل ہے لیکن بیہودہ اور اشتعال انگیز زبان کا استعمال سراسر شرانگیزی ہے۔ رابطہ کمیٹی
حکومت اس اشتعال انگیزی کو رکوائے اورمغلظات بکنے اوربیہودہ زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے۔رابطہ کمیٹی
مسلسل اشتعال انگیزی اوربیہودگی کی وجہ سے عوام کی جانب سے احتجاج کیاگیاتواسکی ذمہ داری ان ضمیرفروش عناصر اورحکومت پر عائد ہوگی
کراچی ۔۔۔ 31؍ مارچ 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ضمیرفروش عناصرکی نام نہاد جماعت کے سرغنہ کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کے خلاف مسلسل نازیبا زبان استعمال کئے جانے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے حکومت سے کہاہے کہ اس مسلسل کی جانے والی بیہودگی اور اشتعال انگیزی کانوٹس لیاجائے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ چار ہفتوں سے بدعنوانی، لوٹ مار ، چائناکٹنگ اوردیگرجرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصرکوایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عوام پر مسلط کرنے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے اورقائدتحریک الطاف حسین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کروائی جارہی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہرسیاسی گروہ کواپنامؤقف پیش کرنے کاجمہوری حق حاصل ہے لیکن بیہودہ اوراشتعال انگیز زبان کا استعمال جمہوریت کے کسی بھی ضابطے، اخلاقیات اورآئین کے مطابق نہیں ہے بلکہ یہ سراسرشرانگیزی کے زمرے میں آتاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم نے اس تمام تربیہودگی اوراشتعال انگیزی کے جواب میں مثالی تحمل کامظاہرہ کیاہے اورکارکنان وعوام کوصبروتحمل کادرس دیاہے،ایم کیوایم اب بھی ہرقیمت پر امن اورتحمل کادرس دے رہی ہے لیکن ان ضمیرفروش سماج دشمن عناصر کی جانب سے قائدتحریک الطاف حسین کے خلاف مسلسل اشتعال انگیزاوربیہودہ زبان استعمال کی جارہی ہے جس سے ان کے چاہنے والے کروڑوں عوام میں شدیداشتعال پایاجاتاہے۔رابطہ کمیٹی نے حکومت کومتنبہ کیاکہ وہ اس اشتعال انگیزی کو رکوائے اورمغلظات بکنے اوربیہودہ زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف شرانگیزی پھیلانے کامقدمہ درج کرکے ان کے خلاف ایکشن لے کیونکہ اگر اس مسلسل اشتعال انگیزی اوربیہودگی کی وجہ سے عوام کی جانب سے کسی بھی قسم کا احتجاج کیاگیاتواس کی ذمہ داری ان ضمیرفروش عناصر اورحکومت پر عائدہوگی۔