ایم کیوایم کو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کیلئے کارکنوں اور ہمدردوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ تیز کردیاگیاہے۔ رابطہ کمیٹی
صرف مارچ کے مہینے میں کراچی سے ایم کیوایم کے 90کارکنوں اور ذمہ داروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرشاہدپاشابھی شامل ہیں،گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی سے ایم کیوایم کے سات کارکن اورذمہ دارگرفتارکئے گئے ہیں،
دہشت گردی ، اغوا برائے تاوان ،ٹارگٹ کلنگ اوردیگرجرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث آزادہیں،گینگ وارمیں اسلحہ تقسیم کرنے اور دہشت گردی کے اعلانات کر نے والے آزادی سے گھوم رہے ہیں،
سرکاری املاک کوتباہ کرنے والی مذہبی انتہاپسند تنظیموں سے مذاکرات کئے جارہے ہیں جبکہ ایم کیوایم کے خلاف آپریشن کیاجارہاہے
وہ عناصرجن کے نام مختلف جرائم کی جے آئی ٹیزمیں ہیں ان کو نہایت شریف بناکر پیش کیاجارہاہے
کرمنلائزیشن پالیسی کے تحت ایم کیوایم کے ہرسیاسی کارکن کوٹارگٹ کلراورعسکری ونگ کاحصہ قراردیاجارہاہے
ایم کیوایم کے کارکنوں کی گرفتاریوں کاسلسلہ بندکیاجائے اورگرفتارشدگان کورہاکیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی
انسانی حقوق کی تنظیمیں کراچی میں آپریشن کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں۔رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 31 مارچ 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے خلاف بنائی گئی تمام ترسازشوں میں ناکامی کے بعد ایم کیوایم کوختم کرنے اور اسے ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کیلئے ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کاسلسلہ تیز کردیاگیا۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت شر وع کئے جانے والے آپریشن کے آغازمیں قوم کویہ بتایاگیاتھاکہ یہ آپریشن کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہوگابلکہ صرف مساجد ،امام بارگاہوں،بازاروں اورسیکوریٹی فورسزکے مراکزپرخودکش حملے اوردھماکے کرنے والے مذہبی انتہاپسنددہشت گردوں اورجیٹ بلیک دہشت گردوں کے خلاف ہوگالیکن کراچی میں آپریشن صرف اورصرف ایم کیوایم کے خلاف کیاجار ہاہے ،پولیس، رینجرزاورسادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے ایم کیوایم کے کارکنوں،ذمہ داروں اورہمدردوں کی مسلسل گرفتاریاں کی جارہی ہیں اور اب تک ایم کیوایم کے تقریباً ساڑھے چار ہزار کارکنوں کو گرفتار کیاگیا جن میں سے تقریباًایک ہزارکارکنان تاحال اسیرہیں جبکہ 155 کارکنان لاپتہ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بدھ کوبھی پولیس اوررینجرزکی جانب سے چھاپے مارے گئے، فیڈرل بی ایریا ٹاؤن یوسی 33کے جوائنٹ آرگنائزر محمدیوسف اوریوسی 27کے کارکن سیدنویدحسین کوگرفتارکیاگیا ۔اس کے علاوہ رینجرزنے قصبہ علی گڑھ ٹاؤن کے یوسی 23کے آرگنائزر محمدشہباز کوگرفتارکرلیاجبکہ اسکیم 33ٹاؤن کی یوسی کمیٹی کے رکن اقبال برنی کو گھرسے گرفتار کرلیا ۔ رینجرزکے اہلکاروں نے ایم کیوایم پی آئی بی ٹاؤن یوسی 19کے کارکن مرسلین کو رنچھوڑلائن کے علاقے میں ان کی سسرال سے گرفتارکرلیا۔اسی طرح پولیس نے لائنز ایریا ٹاؤن یوسی 5کے کارکن اکبرعلی کوان کے گھرسے گرفتارکرلیا۔آج ایم کیوایم لیبرڈویژن سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی یونٹ کے انچارج نجیب
عالم اپنے دفترسے گھرجانے کیلئے نکلے توبلڈنگ کنٹرول کے دفترکے سامنے سادہ لباس میں ملبوس قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیااورانہیں نامعلوم مقام پرلے گئے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اسٹیلشمنٹ کی جانب سے ا یم کیوایم کے خلاف کی جانے والے تمام ترسازشوں ، میڈیا ٹرائل اورزہریلے پروپیگنڈوں میں ناکامی کے بعد ایم کیوایم کو ریاستی طاقت کے ذریعے کچلنے کیلئے ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کاسلسلہ تیز کردیاگیا۔ صرف مارچ کے اس مہینے میں کراچی کے مختلف علاقوں سے ایم کیوایم کے 90کارکنوں اور ذمہ داروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جن میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرشاہدپاشابھی شامل ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وہ جرائم پیشہ عناصر جوکراچی میں دہشت گردی ، تاجروں کے اغوا برائے تاوان ،ٹارگٹ کلنگ اوردیگرجرائم پیشہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں جوگینگ وارمیں اسلحہ تقسیم کرنے اوردہشت گردی کی وارداتوں کے کھلے کھلے اعلانات کرتے رہے وہ شہرمیں آزادی سے گھوم رہے ہیں،کالعدم تنظیموں اورمذہبی انتہاپسند تنظیموں کے وہ دہشت گرد عناصر جوکراچی سمیت ملک بھرمیں دہشت گردی کررہے ہیں، سرکاری املاک کوتباہ کررہے ہیں ان سے مذاکرات کئے جارہے ہیں،وہ عناصرجن کے نام مختلف جرائم کی جے آئی ٹیزمیں ہیں ان کو نہایت شریف بناکر پیش کیاجارہاہے جبکہ ایم کیوایم جوایک تسلیم شدہ سیاسی جماعت ہے اسکے خلاف آپریشن کیاجارہاہے اوراس کے رہنماؤں، ذمہ داروں اور کارکنوں کوگرفتارکیاجارہاہے اورکرمنلائزیشن پالیسی کے تحت ہرسیاسی کارکن کوٹارگٹ کلراورعسکری ونگ کاحصہ قراردیاجارہاہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس ساری صورتحال سے صاف ظاہرہے کہ آپریشن صرف اورصرف ایم کیوایم کے خلاف کیا جارہاہے اورریاستی طاقت کے ذریعے اسے کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیاکہ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کایہ سلسلہ بندکیاجائے اورگرفتارشدگان کورہاکیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ کراچی میں آپریشن کے نام پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کانوٹس لیں اوراس کے خلاف آوازبلندکریں۔