ایم کیو ایم تمام مذاہب کے ماننے والوں سے یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے۔ الطاف حسین
ایم کیو ایم میں شامل مسلمان، عیسائی، ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایک گلدستہ کی مانند ہیں
ایم کیوایم پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں مختلف مذاہب کے تہواروں کو باقاعدگی سے منایا جاتا ہے
میرپور خاص کے کارکنان ، ماؤں ، بہنوں اور بزرگوں نے ہر آزمائش اور مشکل کا ہمت اور ثابت قدمی کے سا تھ مقابلہ کیا ہے
کامیاب ریلی کے انعقاد پر میرپور خاص زون کو جناب الطاف حسین کا زبر دست خراج تحسین
لندن۔۔23مارچ2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم تمام مذاہب کے ماننے والوں سے یکساں سلوک پر یقین رکھتی ہے۔ ایم کیو ایم میں شامل مسلمان، عیسائی، ہندو ، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایک گلدستہ کی مانند ہیں ۔یہ بات انہوں نے میرپورخاص شہر میں اظہار یکجہتی کے لئے نکالی جانے والی ریلی کے اختتام پر زونل آفس میں جمع ہونے ذمہ داران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر میرپور خاص زون کے مختلف سیکٹرز کے ذمہ داران کے علاوہ شعبہ خواتین اور ایلڈرونگ کے ذمہ داران و کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ جناب الطاف حسین نے نائن زیرو پر منعقد ہونے والے ہندؤں کے مذہبی تہوار ہولی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں مختلف مذاہب کے تہواروں کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر باقاعدگی سے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف مختلف قومیتوں بلکہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد ایم کیو ایم کے مرکز اور مختلف شعبہ جات میں اہم ذمہ داریوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں جس کی مثال پاکستان کی کسی سیاسی جماعت میں نہیں ملتی۔ میرپور خاص میں شاندار اور کامیاب ریلی کے انعقاد پر جناب الطاف حسین نے یونٹ ، سیکٹرز اور زون کے ذمہ داران اور کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر پورخاص تحریک کے وفاداروں کا شہر ہے، ماضی میں بھی میرپور خاص کے کارکنان ، ماؤں ، بہنوں اور بزرگوں نے ہر آزمائش اور مشکل کا ہمت اور ثابت قدمی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔اس موقع پر ذمہ داران و کارکنان کے علاوہ تحریک کے ابتدائی دور سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بزرگ کارکنان نے جناب الطاف حسین سے فرداً فرداً بات کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
تصاویر