پاکستان اسٹیل مل اور فیبرکیٹنگ کے ملازمین کوان کی تنخواہیں ادا کی جائیں، رابطہ کمیٹی
ملازمین کو کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے ، رابطہ کمیٹی
تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہیں ، رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔22، مارچ2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل مل اور فیبرکیٹنگ کے ملازمین کوکئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم فراہمی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں فی الفورادا کی جائے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پاکستان اسٹیل مل اور فیبرکیٹنگ کے ملازمین کوکئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھنا سراسر ظلم اور ناانصافی ہے اوران کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین اور ان کے اہل خانہ شدید مالی مشکلات اور پریشانیوں سے دوچار ہیں اور مہنگائی کے اس دور میں ان کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب پاکستان اسٹیل اور فیبرکیٹنگ کے ملازمین کو تنخواہوں سے محروم رکھاجارہا ہے اور دوسری جانب ملازمین کی تنخواہوں کے اسکیل میں غیر یکسانیت کرکے انہیں مزید ذہنی کرب میں مبتلا رکھاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل اور فیبرکیٹنگ ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں اور ملازمین کی تنخواہوں کے اسکیل میں یکسانیت پیدا کی جائے ۔