حق پرست رکن سندھ اسمبلی محمد کامران پر قاتلانہ حملہ قابل مذمت ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے
محمد کامران پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے
جرائم پیشہ عناصر نے علاقے میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے لیکن انکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے
لندن ۔۔۔ 24 اگست 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے لیاری کے علاقے گھانس منڈی میں لیاری سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے رکن سندھ اسمبلی محمد کامران پر لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ محمد کامران آج علاقے کے دورے پر تھے کہ بدنام زمانہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے ان پر جدید ترین اسلحہ سے فائرنگ کی لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ فائرنگ سے محفوظ رہے اور پولیس گارڈز کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرارہوگئے۔ انہوں نے کہاکہ جرائم پیشہ عناصر نے علاقے میں دہشت گردی کابازارگرم کررکھاہے لیکن افسوس کہ ان جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ جناب الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ رکن سندھ اسمبلی محمد کامران پر فائرنگ کا نوٹس لیا جائے ،ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے اور محمد کامران پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔