چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے قریب خود کش بم دھماکے پر ایم کیوایم کے کنوینر ندیم نصرت کااظہار مذمت دہشت گرد ملکی استحکام اور سا لمیت کے خلاف کام کررہے ہیں، ندیم نصرت
جیٹ بلیک دہشت گردوں اور ان کے معاون و مدد گاروں کا خاتمہ کرکے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاجائے ، ندیم نصرت
دھماکہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ندیم نصرت کا دلی تعزیت وہمدردی کااظہار ، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
لندن ۔۔۔7، مارچ2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے قریب خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے او ر بم دھماکہ میں متعدد پولیس اہلکاروں کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ہے ۔ ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ ملک میں سرگرم دہشت گرد ملکی استحکام اور سا لمیت کے خلاف کام کررہے ہیں اور آپریشن ضرب عضب کے تحت کاروائیوں کے باوجود دہشت گرد اپنے معاون و مدد گاروں کے ذریعے ملک کے عوام کو دہشت گردی اور بم دھماکوں کا نشانا بنا رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ ملک کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کیلئے ضروری ہے جیٹ بلیک دہشت گردوں اور ان کے معاون و مدد گاروں کا خاتمہ کرکے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکاجائے ۔ ندیم نصرت نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبرجمیل عطاکرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطافرمائے ۔ ندیم نصرت نے وزیراعظم نوازشریف ،چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ چارسدہ شبقدرمیں سیشن کورٹ کے قریب بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دجائے ۔