آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کے ثمرات کو کم نہ ہونے دیاجائے ، الطاف حسین
چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے قریب خود کش بم دھماکہ پر جناب الطاف حسین کا اظہار مذمت
ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ جیٹ بلیک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھیل نہ دی جائے، الطاف حسین
الطاف حسین کا دھماکہ میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔7، مارچ2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں سیشن کورٹ کے قریب خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بم دھماکہ کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ ہے ۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے خود کش بم دھماکہ میں متعدد پولیس اہلکاروں کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکرتے ہوئے کہاکہ اندرونی اور بیرونی سطح پر ملکی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ جیٹ بلیک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ڈھیل نہ دی جائے اور آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں کے ثمرات کو کم نہ ہونے دیاجائے اور ملک میں بچے کچے دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے عوام کی جان ومال کا تحفظ اور ملک کا استحکام یقینی بیاجائے ۔ جناب الطاف حسین نے خود کش بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ، میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبر جمیل عطاکرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطافرمائے ۔ جناب الطاف حسین نے وزیراعظم نواز شریف ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ چارسد کی تحصیل شقبدر میں خود کش بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتارکیاجائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے آپریشن ضرب عضب کے تحت جیٹ بلیک دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مزید مثبت اور ٹھوس اقدامات کے تحت عملی کاروائی کی جائے ۔