چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں خیبرپختونخوا کے حقوق اور مفادات کا پورا خیال رکھا جائے۔ الطاف حسین
مغربی رہداری کو پہلے بنایا جائے، کے پی کے اور فاٹا کے عوام کو معاشی ترقی میں حصہ دار بنایا جائے
ضرب عضب میں جہاں فوج نے قربانیاں دی ہیں وہیں خیبرپختونخوا کے عوام نے اس سے زیادہ بڑھ چڑھ کر قربانیاں دی ہیں
امن کی خاطر خیبرپختونخوا کے لاکھوں افراد کو گھروں سے دربدر ہونا پڑا، آئی ڈی پیز آج بھی کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں
وزیراعظم نوازشریف چائنا پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے معاہدے کیلئے چائنا گئے تو چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کے بجائے صرف اپنے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو کیوں لے کر گئے؟ الطاف حسین
اپنے بھائیوں، بھانجوں، بھتیجوں اور رشتہ داروں کو نوازنے کے بجائے جو بھی میرٹ پر پورا اترتا ہو اسے اس کا حصہ ملنا چاہیے
پاکستان کسی ایک خاندان یا چند خاندانوں کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ہے، ہمیں پاکستان کو چند خاندانوں سے چھیننا ہے
خیبرپختونخوا کے پختونوں اور قبائلی علاقوں کے عوام کے ساتھ ساتھ ہزارے وال کے عوام کے دیرینہ مطالبات پر بھی توجہ دی جائے
یہ کہاں کا انصاف ہے کہ انتخابات میں خیبرپختونخوا کے بہت سے علاقوں میں عورتوں کو ووٹ ڈالنے سے محروم رکھا جاتا ہے؟
ہمیں اپنی ماؤں، بہنوں، بیویوں اور بیٹیوں کی عزت کرنی چاہیے اور انہیں اپنی رائے دینے کا حق دینا چاہیے۔ الطاف حسین
پورے ملک میں سخت محنت کے کام کرنے کیلئے پختونوں کو لایا جاتا ہے، وہ بلند عمارتیں تعمیر کرتے ہیں لیکن انہیں کچے مکان میسر نہیں ہوتے
ماضی میں کراچی میں ایک سازش کے تحت پختونوں اور مہاجروں کو آپس میں لڑایا گیا، مگر ہمارے درمیان کوئی جھگڑا نہیں، ہم سب بھائی ہیں
پختون بھائیو! آؤ ہم قرآن مجید کو بیچ میں رکھ کر ایک دوسرے کو معاف کریں اور ایک دوسرے کو گلے لگائیں۔ الطاف حسین
اگر پٹھانوں کو صحیح ٹیچر اور ایماندار لوگ مل جائیں تو صوبہ سرحد نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ سب سے زیادہ خوبصورت علاقہ بن جائے گا
قائد تحریک الطاف حسین کا کشمیرہاؤس اسلام آباد میں ایم کیوایم خیبرپختونخوا کے کنونشن سے خطاب
لندن۔۔۔28فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے میں خیبرپختونخوا کے حقوق اور مفادات کا پورا خیال رکھاجائے اورمغربی رہداری کو پہلے بنایا جائے ، کے پی کے او رفاٹا کے عوام کو معاشی ترقی میں حصہ دار بنایا جائے یہ ان کی قربانیوں کا اعتراف ہوگا ۔ انہوں نے یہ بات آج کشمیر ہاؤس اسلام آبادمیں ایم کیوایم خیبرپختونخوا کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کنونشن میں خیبرپختونخوا کے تمام شہروں، ہزارہ بیلٹ اور قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے کارکنان کے ساتھ ساتھ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں خیبرپختونخواسے منتخب ہونے والے 64 حق پرست کونسلرز نے بھی شرکت کی جن میں28خواتین کونسلرزبھی شامل ہیں ۔کنونشن میں ایم کیوایم اپرپنجاب زون اور اسلام آبادکے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ کنونشن سے رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینرعامرخان، رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور نوید ، شبیرقائمی، گلفرازخٹک ، اسلم شاہ آفریدی ، ایم کیوایم خیبرپختونخوا کے صدر سینیٹر بیرسٹر محمدعلی سیف اورایم کیوایم پنجاب کے صدرسینیٹرمیاں عتیق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم خیبرپختونخوا کے صوبائی عہدیداروں کے ناموں کابھی اعلان کیاگیا۔ جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کوبنے ہوئے 68برس ہوگئے ہیں لیکن خیبرپختونخوا کے عوام سالہا سال سے بدامنی ،دہشت گردی ،غربت وافلاس شکارہیں،یہاں صحت کی سہولتوں کا فقدان ہے اوراسکولوں کی کمی ہے، خیبرپختونخواہ کے لوگ روزگار کی تلاش میں ملک میں مارے مارے پھرتے ہیں لیکن انہیں روزگارنہیں ملتا۔انہوں نے کہا کہ ضرب عضب میں جہاں فوج نے قربانیاں دی ہیں وہیں خیبر پختونخوا کے عوام نے اس سے زیادہ بڑھ چڑھ کرامن کیلئے قربانیاں دی ہیں ، امن کی خاطریہاں کے لاکھوں افرادکو اپنے گھروں سے دربدرہوناپڑا، لاکھوں کی تعداد میں آئی ڈی پیزآج بھی اپنے گھروں سے دورہیں اور کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزاررہے ہیں ، وفاقی وصوبائی حکومتوں نے آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے بڑے بڑے دعوے کئے لیکن وہ آئی ڈی پیز کی بحالی میں تاحال ناکام رہی ہیں ۔ آج تک سوات آپریشن کے متاثرین بھی مکمل طورپر بحال نہیں ہوسکے ہیں جبکہ وزیرستان آپریشن کے متاثرین بھی ابھی تک کیمپوں میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وفاقی وصوبائی حکومتوں کوآئی ڈی پیزسے کوئی محبت نہیں ، اگر کے پی کے میں ایم کیوایم کی حکومت ہوتوہم تین مہینے میں سارے آئی ڈی پیز کوان کے گھروں میں بسادیں گے۔
جناب الطاف حسین نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے قیام امن کیلئے جوقربانیاں دی ہیں ان سے انکارنہیں کیاجاسکتا ، ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ چائناپاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے ہونے والی معاشی ترقی میں کے پی کے اور فاٹا کے عوام کو حصہ دار بنایا جائے اورخیبرپختونخواکے عوام کی خواہشات کااحترام کرتے ہوئے اقتصادی راہداری منصوبے کے مغربی حصہ کو پہلے بنایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس بڑے منصوبے میں خیبرپختونخوا کے مفادات کوفراموش کرکے صرف ایک صوبے کے مفادات کاتحفظ کرنااورصرف اسی کیلئے کام کرنا سراسرناانصافی اورظلم ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ خیبرپختونخوا کے پختونوں اورقبائلی علاقوں کے عوام کے ساتھ ساتھ ہزار ے وال کے عوام سے بھی ملاجائے اوران کے دیرینہ مطالبات پربھی توجہ دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف چائناپاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے معاہدے کیلئے چائناگئے تو چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کے بجائے صرف اپنے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کولے کرگئے۔انہوں نے سوال کیاکہ وزیراعظم اپنے ہمراہ خیبرپختونخوا ، سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کولیکرکیوں نہیں گئے؟انہوں نے کہاکہ یہ تعصب ختم ہوناچاہیے ، الطاف حسین ملک سے اسی تعصب کوختم کرنے آیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی ایک خاندان یا چندخاندانوں کانہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کاہے لہٰذااپنے بھائیوں،بھانجوں،بھتیجوں اور رشتہ داروں کونوازنے کے بجائے جوبھی میرٹ پرپورااترتاہواسے اس کاحصہ ملناچاہیے۔جناب الطاف حسین نے اجتماع کے شرکاء سے کہا کہ ہمیں پاکستان کوچندخاندانوں سے چھینناہے اورعوام کوان کے حقوق دلاناہے اورچندخاندانوں کے بجائے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو اقتدارمیں لاناہے،جب غریب ومتوسط طبقہ کاانقلاب آئے گاتوسرکاری خزانہ لوٹنے والوں اوراربوں کھربوں کے قرضے لیکرہڑپ کرنے والوں کی جائیدادیں نیلام کرکے لوٹی ہوئی ایک ایک پائی سرکاری خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ کام الطاف حسین اکیلانہیں کرسکتا،اس کیلئے خیبرپختونخوا کے نوجوان، بزرگ، مائیں بہنیں، طلبہ طالبات تمام شعبہ ء زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام آگے آئیں، اسکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں میں پھیل جائیں،ایم کیوایم کالٹریچر خود بھی پڑھیں اور دوسروں کوبھی پڑھائیں۔جناب الطاف حسین نے کہا کہ ہم ملک میں ایسانظام لاناچاہتے ہیں جس میں سب کوان کے حقوق میسرآئیں، خواتین کوبھی زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کے مساوی حقوق حاصل ہوں،یہ کہاں کاانصاف ہے کہ جب بھی انتخابات ہوں توخیبرپختونخوا کے بہت سے علاقوں میں عورتوں کوووٹ ڈالنے سے محروم رکھاجاتاہے؟انہوں نے خیبرپختونخوا کے لوگوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عورت ماں بھی ہے، بہن بھی ہے ، بیوی بھی ہے اور بیٹی بھی ہے،ہمیں اپنی ماؤں،بہنوں، بیویوں اوربیٹیوں کی عزت کرنی چاہیے، ان کااحترام کرناچاہیے، انہیں اپنی رائے دینے کاحق دینا چاہیے، انہیں تعلیم دلانی چاہیے، اسی طرح نوجوانوں کوبھی تعلیم دینی چاہیے،آج دنیامیں جہاں جہاں بھی ترقی ہورہی ہے وہ تعلیم کی ہی بدولت ہے ۔ ہمارے، نبی کریم ؐ سرکار دوعالم حضرت محمدمصطفےٰ ؐ کی بھی حدیث ہے کہ علم حاصل کرنامردعورت دونوں پر فرض ہے، اسی طرح حضورؐ نے یہ بھی فرمایاہے کہ علم حاصل کروخواہ اس کے لئے تمہیں چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔
جناب الطاف حسین نے کہا کہ پختون ایک محنتی اورجفاکش قوم ہے ،پورے ملک میں جہاں جہاں بھی تعمیراتی اورترقیاتی کام ہوتے ہیں وہاں محنت ومزدوری اورسخت محنت کے کام کرنے کیلئے پختونوں کولایاجاتاہے ، وہ اپنی محنت سے بلندعمارتیں تعمیرکرتے ہیں لیکن انہیں کچے مکان میسرنہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگرحصوں کی طرح کراچی میں بھی پختون محنت ومزدوری کیلئے آئے ، ماضی میں کراچی میں ایک سازش کے تحت پختونوں اور مہاجروں کوآپس میں لڑایا گیا، مگر ہمارے درمیان کوئی جھگڑا نہیں، ہم سب بھائی ہیں۔جناب الطاف حسین نے پختونوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آؤ پختون بھائیو! اگر ہمارے درمیان کبھی کوئی غلط فہمی ہوگئی ہوتو ہم قرآن مجیدکوبیچ میں رکھ کرایک دوسرے کومعاف کریں اورایک دوسرے کوگلے لگائیں۔ آئیں ہم آپس میں متحد ہوجائیں، اگرہم متحدہوگئے توایک طاقت بن جائیں گے اورجب ہم طاقت بن جائیں گے توہم متحد ہوکراپنے حقوق حاصل کرلیں گے۔انہوں نے کہاکہ پختون عوام کو الطاف حسین کے خلاف بہت بہکایاگیالیکن سازشی عناصر کی سازش ناکام ہوئی اورآج اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہم ایک ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ آئندہ الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام اپنے اتحادسے ثابت کردیں گے کہ خیبرپختونخوا رحمان بابا ؒ ، خوشحال خان خٹک اورباچہ خان کے سچے چاہنے والے الطاف حسین کاہے، خیبرپختونخوا میں ایم کیوایم کی حکومت قائم ہوگی تویہاں محروم عوام کوان کے حقوق ملیں گے، یہاں اسکول، کالج ، اسپتال اورصحت کے مراکزقائم ہوں گے ،سڑکیں بنیں گی اور ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پٹھان بہت محنتی اور سخت جان ہوتے ہیں، اگر پٹھانوں کوصحیح ٹیچر اور نیک اورایماندارلوگ مل جائیں توصوبہ سرحدنہ صرف ترقی کرے گا بلکہ دنیا کے خوبصورت علاقوں میں سب سے زیادہ خوبصورت علاقہ بن جائے گا۔