اگر میری کسی بھی تقریر سے کسی عسکری ادارے یا اس کے سربراہ یا کسی افسر کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس پر معذرت خواہ ہوں،الطاف حسین
فوج اور مہاجروں کے درمیان جو غلط فہمیاں پید ا ہوئی ہیں ان کاملک وقوم کے مفادمیں خاتمہ نہایت ضروری ہے
ایم کیوایم کراچی کے امن و استحکام ،سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور قومی مفاد کیلئے عسکری قیادت کے ساتھ ہرقسم کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔ الطاف حسین
ملک وقوم کوجن داخلی وخارجی بحرانوں وخطر ات کا سامنا ہے ان کے پیش نظر ہمیں ماضی کو بھلاکر ایک نئے جذبہ کے ساتھ ملک و قوم کے مفاد میں مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ الطاف حسین
رابطہ کمیٹی اورسپریم کونسل دیر پاامن کے قیام کے حوالہ سے متعلقہ حلقوں سے ملاقاتیں کر کے انہیں ایم کیوایم کے تعاون کایقین دلائیں
ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے آپر یشن ضرب عضب میں فوج کے کردار کو سراہتے ہیں۔الطاف حسین
ایم کیوایم کے رہنما ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اورملک خصوصاً کراچی میں دیر پا امن کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والےاداروں اور ان کے حکام سے بھر پور تعاون کریں ۔الطاف حسین
سندھ خصوصاً کراچی کے بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں کمی،کراچی کے اہم بلدیاتی اداروں کومسلسل صوبائی حکومت کی تحویلمیں لینے اور میئرز وڈپٹی میئرز کے انتخابات میں مسلسل تاخیرکی مذمت کرتے ہیں۔ الطاف حسین
سندھ خصوصاً شہری علاقوں میں بلدیاتی انتظام کی تباہی ، صحت و صفائی کی ابتر صورتحال اورپانی وبجلی کا بڑھتا ہوا بحران تشویشناک ہے
اپنی مدد آپ کے تحت کراچی ،حیدر آباد ،میر پورخاص اور سکھر میں صفائی مہم کا آغاز کردیاجائے۔الطاف حسین
قائدتحریک الطاف حسین کا ایم کیوایم کی سپریم کونسل اور رابطہ کمیٹی لندن وپاکستان کے اہم اجلاس سے بذریعہ وڈیو کانفرسنگ خطاب
لندن۔۔27فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ فوج اور مہاجروں کے درمیان جو غلط فہمیاں پید ا ہوئی ہیں ان کاملک وقوم کے مفادمیں خاتمہ نہایت ضروری ہے۔اگر میری کسی بھی تقریر سے کسی عسکری ادارے یا اس کے سربراہ یا کسی افسر کی دل آزاری ہوئی ہے تو مجھے اس بات پر افسوس ہے اور میں اس پر معذرت خواہ ہوں،ایم کیوایم کراچی کے امن و استحکام ،سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور پورے ملک کی بہتری اورقومی مفاد کیلئے پاکستان کی عسکری قیادت کے ساتھ ہرقسم کے تعاون کیلئے تیار ہے ۔جناب الطاف حسین نے یہ بات ایم کیوایم کی سپریم کونسل اور رابطہ کمیٹی لندن وپاکستان کے مشترکہ اجلاس سے بذریعہ وڈیو کانفرسنگ خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین کی زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں رابطہ کمیٹی و سپریم کونسل کے کنوینر ندیم نصرت ،رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ز ،ڈپٹی کنوینر ز ،اراکین رابطہ کمیٹی، رؤف صدیقی اور سپریم کونسل کے رکن اور آئینی وقانونی ماہر بیر سٹر سینیٹر فروغ نسیم نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران بیر سٹر فروغ نسیم اور دیگر شرکاء نے جناب الطاف حسین سے ملکی وبین الاقوامی صورتحال خصوصاً سندھ و کراچی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کے قیام سے ہی فوج اور مہاجروں کے درمیان محبت و تعاون کا مثالی رشتہ رہاہے تاہم بد قسمتی سے بعض وجوہات کی بنا پر گزشتہ چند برسوں سے فوج اور مہاجروں کے درمیان غلط فہمیاں پید ا ہوئی ہیں جنہیں ملک وقو م کے مفاد میں دور کرنا نہایت ضروری ہے۔جناب الطاف حسین نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے آپر یشن ضرب عضب میں فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے ایم کیوایم کے رہنماؤ ں کو ہدایت کی کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ اورملک خصوصاً کراچی میں دیر پا امن کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان کے حکام سے بھر پور تعاون کریں ۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ عسکری قیادت اور اداروں کی خیر خواہی کی بات کی ہے اور انہیں ہمیشہ عزت کی نظر سے دیکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر میری کسی بھی تقریر سے کسی عسکری ادارے یا اس کے سربراہ یا کسی افسر کی دل آزاری ہوئی ہے تو مجھے اس بات پر افسوس ہے اور میں اس پر معذرت خواہ ہوں۔ جناب الطاف حسین نے مزید کہا کہ اسی طرح ایم کیو ایم اعلیٰ عدلیہ اور ان کے ججوں کو بھی عزت وتکریم کی نظر سے دیکھتی ہے ۔ جناب الطاف حسین نے یہ بھی کہا کہ ایم کیوایم کراچی میں لاء اینڈ آرڈر کو مزید بہتر بنانے ،سندھ سمیت پورے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے اور پورے ملک کی بہتری اورقومی مفاد کیلئے پاکستان کی عسکری قیادت کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک وقوم کوجن داخلی وخارجی بحرانوں وخطر ات کا سامنا ہے ان کے پیش نظر ہمیں ماضی کو بھلاکر ایک نئے جذبہ کے ساتھ مل جل کر ملک و قوم کے مفاد میں کام کرنا ہوگا اوراس حوالہ سے ایم کیوایم اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ جناب الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی اورسپریم کونسل سے کہا کہ اسے یہ مینڈیٹ حاصل ہے کہ وہ امن امان کے دیر پا قیام کے حوالہ سے متعلقہ حلقوں سے ملاقاتیں کر کے انہیں اس ضمن میں ایم کیوایم کے تعاون کایقین دلائیں ۔جناب الطاف حسین نے اجلاس کے دوران سندھ خصوصاً شہری علاقوں میں بلدیاتی انتظام کی تباہی ، صحت و صفائی کی ابتر صورتحال اورپانی وبجلی کے بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش ا ور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کونسل اور رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ میئر او رڈپٹی میئر کے انتخابات کا انتظار کئے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت کراچی ،حیدر آباد ،میر پورخاص اور سکھر میں صفائی مہم کا آغاز کردیں ۔ انہوں نے منتخب نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ پانی اور ٹریفک کے مسائل کے حل اور سڑکوں کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے رات دن ایک کر دیں ۔جناب الطاف حسین نے سندھ خصوصاً کراچی کے بلدیاتی اداروں کے اختیارات میں کمی،صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کے اہم بلدیاتی اداروں کو اپنے کنٹرول میں لینے اور میئرز وڈپٹی میئر ز کے انتخابات میں مسلسل تاخیر کی مذمت کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں ،سفاتکاروں او رذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے وفود کی صورت میں ملاقات کر کے انہیں اس ناانصافی سے آگاہ کریں ۔