مہمند ایجنسی میں پنڈیالی چیک پر پوسٹ دہشت گردوں کے حملے اور یکا غنڈ میں خاصہ دار فورس پر فائرنگ کے واقعات پر رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
چیک پوسٹ پر حملے میں 9اہلکاروں اور یکا غنڈ میں خاصہ دار فورس کے دو جوانوں کی شہادت پر دلی تعزیت وہمدردی کااظہار
ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز کے جوان دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اس پر پوری قوم انہیں سلام تحسین پیش کرتی ہے ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔18، فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے مہمند ایجنسی میں پنڈیالی چیک پوسٹ دہشت گردوں کے حملے اور یکا غنڈ میں خاصہ دار فورس پر فائرنگ کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان دہشت گردانہ حملوں میں 9اہلکاروں اور2خاصہ دار فورس کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ مہمند ایجنسی میں دہشت گردوں کا پنڈیالی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 9اہلکاروں اور یکا غنڈ میں فائرنگ کرکے 2خاصہ دار فورس کے جوانوں کو شہید کرنے واقعات ہر محب وطن شہری کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز کے جوان جس طرح سے دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اس پر پوری قوم انہیں سلام تحسین پیش کرتی ہے اور ان کیلئے دعا گو ہے ۔ رابطہ کمیٹی دہشت گردوں کے حملے اور فائرنگ کے واقعات میں شہید ہونے والے سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے تمام لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نوازشریف اور چیف آف آرمی اسٹا ف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا کہ مہمند ایجنسی میں پنڈیالی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے اور یکا غنڈ میں خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے واقعات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے سخت ترین سزا دی جائے اور ملک سے جیٹ بلیک دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے مزید مثبت نوعیت کے اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔