جناب الطاف حسین دنیا بھر میں محبت کا پرچار اور معاشرے سے نفرت کا خاتمہ چاہتے ہیں،سینئر ڈپٹی کنوینرڈاکٹر محمد فاروق ستار
جناب الطاف حسین دور جدید میں عد م تشدد کے سب سے بڑے علمبردار ہیں،ڈاکٹر محمد فاروق ستار
ماضی میں ہمارے بیچ نفرتوں کا بیج بویا گیااسے ختم کرکے آپس میں محبتیں بڑھانی ہیں، نامزد مئیر کراچی وسیم اختر
نائن زیرو پر 14فروری کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب
کراچی ۔۔۔۔14فروری2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام نائن زیرو پر 14فروری ویلنٹائن ڈے کے سلسلے میں شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹرمحمد فاروق ستار،ڈپٹی کنوینر کہف الواریٰ،سید شاہد پاشا، واراکین رابطہ کمیٹی ،سی ای سی کے انچارج واراکین کمیٹی ، ایم کیو ایم کے تنظیمی شعبہ جات ذمہ داران ،حق پرست سینیٹز ،حق پرست اراکین اسمبلی ،نامزد میئر کراچی وسیم اختر ،نومنتخب چیئر مین،وائس چیئر مین ،یوسی کونسلرز ، ایم کیوایم کے ٹاؤن آرگنائزر ٹاؤن ممبران، یوسی آرگنائزر واراکین یوسی کمیٹی سمیت کارکنان ،ہمدردوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر الطاف حسین کی رہائش گا کو پھولوں کے گلدستے ،پھولوں کی رنگ برنگی جھالروں،سرخ رنگ کے برقی قمقموں سے سجایا گیاہے۔جبکہ 90 کی گلی کو بھی پھولوں کی جھالروں سے سجایا گیا۔ اس مو قع پر میوزکل پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوا یم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے جناب الطاف حسین کو ویلنٹائن ڈے کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جناب الطاف حسین نے ہمیں عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھایاجس کیلئے ہم ان سے بے انتہاء محبت کرتے ہیں اور محبت ہی انسانیت کی اور تمام مذاہب کی بنیادہے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب الطاف حسین کی سیاست کی بنیاد انسانیت اور احترام انسانیت کی بنیاد پر ہے اسی لئے ہم اس دن کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ،قائد تحریک پاکستان سمیت پوری دنیا میں محبت کا پرچار اور معاشرے سے نفرت کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں اور آج ہم جناب الطاف حسین کی جانب سے تمام اہلیان پاکستان کو اس دن کی مبارک باد پیش کرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی پاکستان کی ترقی کا انجن ہے اسکی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ایم کیو ایم ملک میں تمام شہریوں کیلئے تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے ، جناب الطاف حسین دور جدید میں عد م تشدد کے سب سے بڑے علمبردار ہیں اور ملک سے تشدد کے رجحان کا خاتمہ کرکے منقسم دنیا کو متحد کرنا چاہتے ہیں،آج کے دن کو منانے کامقصد ہے کہ ہم تعلیم ، انسانیت ، ادب سے محبت کریں جس سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوگااور اس عمل کے ذریعے ہم انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو ختم کر سکتے ہیں،ہمیں اپنی معاشرتی ، سیاسی اور معاشی زندگی میں بھی امن و محبت کا پیغام دینا ہوگاکیوں کہ جناب الطاف حسین ملک میں منصفانہ نظام قائم کرنا چاہتے ہیں اور کسی کو مذہب، مسلک ، رنگ ، نسل، علاقے کے نام پر امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کے خلاف ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ ملک کی ریاست اور حکومت سب کو ایک نگاہ سے دیکھے اور اقرباء پروری کی بنیاد پر فیصلہ نہ ہوں،جناب الطاف حسین پاکستان کو پھل دار اور سایہ دار شجر بنانا چاہتے ہیں۔نامزد مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ ماضی میں ہمارے بیچ جو نفرتیں بڑھائی گئی ہیں انہیں ختم کرنے کا وقت ہے ہمیں نفرتیں ختم کرکے محبتیں بڑھانی ہیں،کراچی کے مئیر کی حیثیت سے تمام اہلیان کراچی کی جانب سے جناب الطاف حسین کو ویلنٹائن کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر وسیم اختر نے جناب الطاف حسین کیلئے گلدستہ ڈاکٹر فاروق ستار کے حوالے کیاجبکہ صحافیوں کو جناب الطاف حسین کی جانب سے پھول پیش کئے گئے۔اس موقع پر ویلنٹائن ڈے کے لئے جناب الطاف حسین کا خصوصی آڈیو پیغام بھی شرکاء کو سنایا گیا۔