مانا والہ روڈ ننکانہ صاحب میں ایل پی جی ٹینکر کے کار سے ٹکرانے اور پھٹ جانے کے ہولناک حادثہ میں متعدد افراد کے ہلاک و زخمی ہونے پر رابطہ کمیٹی کا اظہار تعزیت
ایسے خوفناک حادثات کی روک تھام کیلئے مثبت اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور اس حوالے سے شعور بیدار کیا جائے، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
رابطہ کمیٹی کا حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
کراچی ۔۔۔10، فروری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ننکانہ صاحب میں مانا والہ روڈ پر ایل پی جی ٹینکر کے کار سے ٹکرانے اور پھٹ جانے کے ہولناک حادثہ میں متعدد افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایل پی جی ٹینکر اور کار کی ٹکر کے نتیجے میں ٹینکر پھٹ گیا جس سے ارد گرد کھڑی گاڑیاں بھی زد میں آگئیں اور کئی قیمتی انسانی جانیں اس حادثہ میں ضائع اور کئی افراد زخمی ہوگئے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈرائیوروں کی مجرمانہ غفلت اور لاپروائی کے باعث اکثر و بیشتر ایسے ٹریفک حادثات ملک بھر میں رونما ہوتے ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے مثبت اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں اور اس حوالے سے شعور بیدار کیاجائے ۔ رابطہ کمیٹی نے حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔ رابطہ کمیٹی نے حادثہ میں زخمی افراد کی بھی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا کی ۔رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ ہولناک حادثہ میں جاں بحق اور زخمی افراد کو معاوضہ دیاجائے اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔