ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب میں تنظیمی کام کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے ایم کیوایم پنجاب کی مرکزی 13 رکنی صوبائی کمیٹی کا اعلان کردیا
پنجاب میں لوگوں کا بہت زیادہ ایم کیوایم کی جانب لگاؤ ہے اور وہاں تیزی سے نئی ممبر شپ میں اضافہ ہورہا ہے، کنور نوید جمیل
انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں ایم کیوایم پنجاب سے ایک نہیں کئی سیٹیں جیتے گی ،کنور نوید جمیل
مرکزی پنجاب کمیٹی پنجاب کے 9ڈویژن اور 37ڈسٹرکٹ میں ری آرگنائزیشن کا عمل مکمل کریگی ، کنور نوید جمیل
مرکزی صوبائی پنجاب کمیٹی کے صدر میاں عتیق ، سینئر نائب صدر عابد گجر ، نائب صدور میں ادریس جامی، فرقان مغل، ندیم کھوکھر، عبد الکریم ٹوکے اور سیکریٹری جنرل ملک عبد الوسیم کھوکھر ہونگے، کنور نوید جمیل
کراچی ۔۔۔8، فروری 2016 ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب میں تنظیمی کام کو تیز اور بہتر بنانے کیلئے ایم کیوایم پنجاب کے صدر سمیت 13رکنی مرکزی صوبائی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے ۔ پنجاب کی مرکزی صوبائی کمیٹی پورے ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کرے گی اور ذمہ داران کا انتخاب کرے گی ۔ ایم کیوایم پنجاب کی مرکزی صوبائی کمیٹی کا اعلان پیر کے روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن کنور نوید جمیل نے رابطہ کمیٹی کے ارکان محمد حسین ، محترمہ ذرین مجید ، اسلم آفریدی ، شبیر احمد قائم خانی اور کمال ملک کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم مرکزی پنجاب کمیٹی کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ کنور نوید جمیل نے کہاکہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن اور کراچی آپریشن کی وجہ سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کی پنجاب میں توجہ کم تھی لیکن اس کے باوجود پنجاب میں ایم کیوایم کا سسٹم موجود ہے ، ایم کیوایم کے تنظیمی اسٹرکچر کے مطابق پنجاب کو اس وقت زونوں میں تقسیم کیا ہوا ہے جن میں سینٹرل پنجاب ، اپر پنجاب ، لوئر پنجاب شامل ہیں ، پنجاب میں لوگوں کا بہت زیادہ ایم کیوایم کی جانب لگاؤ ہے اور وہاں تیزی سے نئی ممبر شپ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل میاں عتیق کو پنجاب کا صدر بنایا گیا تھا اور اس کے بعد ہم نے پوری پنجاب کمیٹی مشاورت سے تشکیل دینا تھی تاکہ پنجاب کا کام مزید بہتر کیاجاسکے اور جو لوگ ایم کیوایم میں آرہے ہیں انہیں مربوط طریقے شامل کیاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے پر مرکزی کمیٹی جو پورے پنجاب کے تنظیمی معاملات دیکھے گی اور پنجاب کے 9ڈویژن اور 37ڈسٹرکٹ میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پرایم کیوایم پنجاب زون کی مشاورت سے آرگنائزیشن کا عمل مکمل کریگی ۔
انہوں نے کہاکہ کراچی اور سندھ سے ہمارے سینیٹرز اور ایم این ایز پنجاب کے مختلف ڈسٹرکٹ میں جاتے تھے اور وہاں کے غریب عوام کے مسائل اورپریشانی کو حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پنجاب کمیٹی کی تنظیم نو کرنے کا مقصد یہ بھی ہے کہ 2018ء کے انتخابات کے سلسلے میں ابھی سے کام کیا جائے اور مناسب لوگوں کو 2018کے الیکشن میں پارٹی کی سطح پر نامزدگی کا عمل مکمل کیاجائے ۔ انہوں نے ایم کیوایم پنجاب کی مرکزی کمیٹی کے عہدیداران کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ تنظیم نو کے مطابق میاں عتیق پنجاب کمیٹی کے صدر ، عابد گجر سینئر نائب صدر ، ادریس جامی نائب صدر ، فرقان مغل نائب صدر ،ندیم کھوکھر نائب صدر ، عبد الکریم ٹوکے نائب صدر ، ملک عبد الوسیم کھوکھر سیکریٹری جنرل ، محمد علی جواد جوائنٹ سیکریٹری ، جاوید چیمہ جوائنٹ سیکریٹری ، انصر بٹر جوائنٹ سیکریٹری ، کاشف خورشید فنانس سیکریٹری ، خرم شہزاد رانا سیکریٹری نشر و اشاعت اور راؤ خالد ڈپٹی سیکریٹری نشر و اشاعت ہونگے ۔ کنور نوید جمیل نے ایم کیوایم پنجاب کی مرکزی کمیٹی کے نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ کمیٹی ایم کیوایم کے سینئر ساتھیوں پر مشتمل ہے جن کی تنظیمی خدمات بہت زیادہ ہیں اور انہوں نے نامساعد حالات میں پولیس ، زمینداروں ، صوبائی حکومت پنجاب کی دھمکیوں کا سامنا کیا اور ثابت قدمی سے اپنی جگہ ڈٹے رہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ایم کیوایم کا ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر اسٹرکچر موجود ہے جہاں بڑی تعداد میں کارکنان ہیں ، انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں ایک نہیں کئی سیٹیں جیتے گی ،ایم کیوایم میں پالیسیاں مشاورت سے بنتی ہے اور پنجاب میں کوئی مہم شروع ہوگی تو وہاں کے عوام کومفاد کو سامنے رکھتے ہوئے شروع کریں گے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان میں ایم کیوایم واحد جماعت ہے جس کے عوامی نمائندوں پر کوئی الزام نہیں ہے ، ایم کیوایم کو صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پذیرائی مل رہی ہے اور کے پی کے اوربلوچستان کی صوبائی کمیٹیوں کا اعلان بھی جلد ہی کریں گے۔