میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی ضمانت منسوخ کردی گئی ،برطانوی قانون کے تحت اب انہیں پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں
پولیس نے آگاہ کیاہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں فردجرم عائد کرنے کے لئے پولیس کے پاس مناسب شواہد نہیں ہیں
میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ضمانت کے سلسلے میں جوشرائط عائدکی گئی تھیں وہ بھی ختم کردی گئی ہیں
میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ضمانت کینسل ہوناباعث اطمینان ہے۔ الطاف حسین
پاکستان اور دنیابھرمیں موجودایم کیوایم کے کارکنوں اورحامیوں کی بھرپورسپورٹ کاشکریہ ادا کرتاہوں۔ الطاف حسین
لندن ۔۔۔ یکم فروری 2016ء
میٹروپولیٹن پولیس نے پیرکی شام ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کوانکے وکلاء کے ذریعے آگاہ کیاہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں جاری تفتیش کے سلسلے میں جناب الطاف حسین اورایم کیوایم کے سینئرار کان محمدانوراورطارق میرکی پولیس ضمانت منسوخ کردی گئی ہے لہٰذابرطانوی قانون کے تحت اس کامطلب یہ ہے کہ اب جناب الطاف حسین ،محمدانوراورطارق میر کو منی لانڈرنگ کے الزام میں جاری تفتیش کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔پولیس کی جانب سے جناب الطاف حسین کے وکلاء کو یہ بھی آگاہ کیاگیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں الزام فردجرم عائد کرنے کیلئے پولیس کے پاس مناسب شواہد نہیں ہیں ۔ میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے یہ بھی بتایاگیاہے کہ ضمانت کے سلسلے میں جناب الطاف حسین پر جوشرائط عائدکی گئی تھیں وہ بھی ختم کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ میٹروپولیٹن پولیس کی جانب سے ضمانت کینسل ہوناباعث اطمینان ہے۔ جناب الطاف حسین نے ایک بارپھر منی لانڈرنگ میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردیدکی اورپاکستان اور دنیابھرمیں موجودایم کیوایم کے کارکنوں اورحامیوں کی بھرپورسپورٹ کا شکریہ اداکیا۔