دہشت گردوں کی دھمکیوں اور عدم سیکیورٹی کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں اسکولوں کی بند ش پر رابطہ کمیٹی کااظہار تشویش
اسکولوں کی بندش سے بچوں کی پڑھائی شدید متاثر ہورہی ہے اور والدین اپنے بچوں کا تاریک مستقبل دیکھ کرپریشانی میں مبتلا ہیں ، رابطہ کمیٹی
اسکول انتظامیہ اور عوام اسکولوں اور محلوں کی سیکورٹی کیلئے مربوط چوکیداری نظام قائم کریں ، رابطہ کمیٹی کی اپیل
ملک کے معماروں کا مستقبل تاریکی میں دھکیلنے کے بجائے تابناک بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں
جائیں ، رابطہ کمیٹی کا وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں سے مطالبہ
کراچی ۔۔۔31، جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی دھمکیوں اور عدم سیکیورٹی کے باعث کراچی سمیت ملک بھر میں اسکولوں کی بند ش پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں سیکورٹی کے لئے فی الفور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گردوں کی دھمکیوں اور عدم سیکورٹی کے باعث اسکولوں کی بندش سے بچوں کی پڑھائی شدید متاثر ہورہی ہے اور والدین اپنے بچوں کا تاریک مستقبل دیکھ کرپریشانی میں مبتلا ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اسکولوں کی بندش پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ اور بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کا مثبت اور ٹھوس حل مل بیٹھ کر نکالیں اورملک کے مستقبل کے معماروں کا مستقبل تاریکی میں دھکیلنے کے بجائے تابناک بنانے کیلئے تمام وسائل اور ذرائع استعمال میں لائیں۔ رابطہ کمیٹی نے اسکول انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکولوں اور محلوں کی سیکورٹی کیلئے مربوط چوکیداری نظام قائم کریں اور کسی بھی مشکوک فرد یا واقعہ کی اطلاع قریبی اسٹیشن کو دیں ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور چاروں صوبائی حکومتوں کے وزرائے اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کی دھمکیوں سے اسکولوں کے تحفظ کیلئے ٹھوس سیکورٹی پلان بنایاجائے اور اس پر عملدرآمد کراکر اسکولز انتظامیہ میں پائے جانے والے تحفظات کو فی الفور دور کیاجائے ۔