کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
کے الیکٹرک اپنے دعوؤں اوریقین دہانیوں کے برعکس بجلی کی فراہمی میں بری طرح سے ناکام ہوچکی ہے ، رابطہ کمیٹی
صارفین کو بجلی کے بھاری بل بھیجے جارہے ہیں مگر بجلی کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے خاطر خواں اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، رابطہ کمیٹی
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سندھ کراچی کے عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے مثبت اقدامات فی الفور بروئے کار لائیں ، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔29، جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’’کے الیکٹرک‘‘یہ کہ کر بری الذمہ نہیں ہوسکتی کہ بریک ڈاؤن دھند اور ہوا میں موجود نمی کی وجہ سے ہوا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے الیکٹرک انتظامیہ بجلی صارفین سے بلوں کی وصولی کی مد میں رقوم لینے میں تو انتہائی فعال کردار ادا کررہی ہے ،صارفین سے وصولی کیلئے کے الیکٹرک نے آپریشن برق تو کیاتھا لیکن اب اس کا دوسرافیز شروع کیاجارہا ہے جس کے تحت صارفین کو بجلی کے بھاری بل بھیجے جارہے ہیں مگر بجلی کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے خاطر خواں اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے الیکٹرک کی طرف سے بلند و بانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن ان دعوؤں کے باوجود کراچی جیسا بڑا شہر کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم ہوجاتا ہے جس سے نہ صرف شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوتے ہیں بلکہ کاروبار کا بھی نقصان ہوتا ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کے الیکٹر ک کی انتظامیہ کو چاہئے کہ اس طرح کے بڑے بلیک ڈاؤن کو روکنے کیلئے فوری طور پر ٹرانسمشن کے نظام کو مربوط کرنے کیلئے ا قدامات کرے ، ٹرانسمیشن لائنوں کی سالانہ دھلائی کا کام شروع کرے تاکہ اس طرح کے بریک ڈاؤن کے امکانات کو کم کیاجاسکے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی جیسے گنجان آباداور بڑے شہر میں دہشت گردی کا خطرہ بھی رہتا ہے اگر پورے شہر کی بجلی بند ہوجاتی ہے اس سے دہشت گرد بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں ،بجلی کے بار بار بریک ڈاؤن کو روکا جاسکتا ہے لیکن اس کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا ضروری ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی میں کئی بار بجلی کے طویل بریک ڈاؤن سے اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جس کی ذمہ داری کے الیکٹرک کی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا نوٹس لیاجائے اور شہریوں کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کے بعد اب طویل بریک ڈاؤن کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے مثبت اور عملی اقدامات فی الفور بروئے کار لائے جائیں ۔