جناب الطاف حسین پر پابندی ختم نہ کی گئی تو مظاہرے ،پر امن دھرنوں اورہڑتالوں میں تبدیل ہوجائیں گے ، ڈاکٹر محمد فاروق ستار
جناب الطاف حسین پر پابندی انتہائی غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہے ، اقدام کی مذمت کرتے ہیں،نسرین جلیل
ارباب اختیارایم کیوا یم کو مسئلہ نہیں بلکہ مسئلے کے حل کا حصہ سمجھیں، سید امین الحق
پیپلز پارٹی سے مفاہمت کا انجام اچھا نہیں ہوا ، پیپلزپارٹی نے ملک کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کی ،وسیم اختر
جناب الطاف حسین پر عائد غیر آئینی پابندی کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو اپنے احتجاج کو ملک گیر سطح پر پہنچادیں گے،خواجہ اظہار الحسن
ایم کیوا یم کے کراچی کے مختلف مقامات پر یو م احتجاج کے موقع پر مظاہرین کے ہمراہ شریک رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو
کراچی۔۔۔26جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام کراچی کے مختلف علاقوں میں منعقدہ احتجاجی مظاہروں میں ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی اور حق پرست ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی اور وہاں موجود میڈیا نمائندگان کو اپنے احتجاج کے اصل مؤقف سے آگا ہ کیا ۔اس موقع پرفائیو اسٹار چورنگی پر مظاہرین کے ہمراہ احتجاج میں سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار دیگر رہنماؤں کیساتھ شریک ہوئے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق ستا ر نے کہاکہ ہم عدلیہ کا احترام اور عدلیہ سے قانون کی پاسداری کی توقع کر تے ہیں ، احتجاج کرنا ہمارا جمہوری و آئینی حق ہے اس لئے آج عوام کے ہمراہ 400سے زائد مقامات پر پر امن مظاہرے کر رہے ہیں اور ہمارے مظاہروں کی وجہ سے عوام کو کسی پریشانی کاسامنا نہیں کرنا پڑ رہاہے۔انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین کروڑوں عوام کے لیڈر ہیں اور عوام آج اپنے قائد کیلئے انصاف کے حصول کی خاطر جگہ جگہ احتجاج کر ررہے ہیں اگر پابندی ختم نہ کی گئی تو احتجاجی مظاہرے ،پر امن دھرنوں اورہڑتالوں میں تبدیل ہوجائیں گے جس کے لئے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق تاجر برادری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے مشاورت کر رہے ہیں۔فارو ق ستارنے کہا کہ جناب الطاف حسین کی اظہار رائے پر پابندی آئین کے آرٹیکل19کی صریحاً خلاف ورزی ہے وفاقی و صوبائی حکومت عوام کے مطالبے کو سمجھتے ہوئے انصاف دلانے میں اپنا کردار اداکرے۔لیاقت آباد دس نمبر میں ایم کیوا یم کی ڈپٹی کنوینر نسرین جلیل اور رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق شریک ہوئے ،اس موقع پرمحترمہ نسرین جلیل نے کہاکہ جناب الطاف حسین پر پابندی انتہائی غیر آئینی و غیر جمہوری اقدام ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، عوام نے پر امن اور خاموش احتجاج کرکے جناب الطاف حسین سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے،آج عوام نے پر امن مظاہروں کے ذریعے بین الاقوامی میڈیاکی توجہ بھی انسانی حقوق کے اس اہم مسئلے کی طرف دلوائی ہے ،انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ارباب اختیار عوامی مطالبوں کا احترام کریں گے اور جناب الطاف حسین پر عائد پابندی فی الفور ختم کریں گے ۔رکن رابطہ کمیٹی سید امین الحق نے کہاکہ ایم کیوا یم تمام ارباب اقتدار سے اپیل کرتی ہے کہ ہمیں مسئلہ نہیں بلکہ مسئلے کے حل کا حصہ سمجھا جائے ، عوام نے متفقہ طور پر گزشتہ عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات میں جناب الطاف حسین اور ایم کیوا یم پر اپنے بھر پور اعتمادکا اظہارکرکے ماضی کے تمام الزامات اور سازشوں کو مسترد کردیا ہے لہٰذا اربا ب اختیار و اقتدار بھی عوامی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے جناب الطاف حسین پر عائد پابندی فی الفور ختم کریں۔نمائش چورنگی پر مظاہرین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نامزد مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے مفاہمت کا انجام اچھا نہیں ہوا ،گزشتہ سات برسوں میں کراچی سمیت سندھ بھر کو تباہ کر دیا گیا اورسندھ کی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کی جا چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جناب الطاف حسین کی تقاریر،تصاویر اور تحریروں پر پابندی در حقیقت طالبان اور داعش جیسی انتہاء پسند قوتوں اور انکے حمایتیوں کی قوتوں کی حوصولہ افزائی ہے ،ایم کیوا یم کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے اسکے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے کیونکہ کراچی کے عوام جناب الطاف حسین کی آواز سننا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم عدالتوں کااحترام کرتی ہے ۔سندھ اسمبلی میں حق پرست قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ ایم کیوا یم سندھ کی دوسری بڑی جماعت ہے اگر اس کے ساتھ ایساکیاجائے گاتوملک کے دیگر عوام کے ساتھ کیا ہوگا؟اگر جناب الطاف حسین پر عائد غیر آئینی پابندی کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو اپنے احتجاج کو ملک گیر سطح پر پہنچادیں گے۔