کئی دن گزر جانے کے باوجود متاثرین سندھ اسمبلی کی آبادکاری کے لئے سندھ حکومت نے اب تک کوئی موثر اقدام نہیں کیا ۔ الطاف حسین
اگر24گھنٹوں میں متاثرین کی رہائش کے لئے متبادل اقدامات نہ کئے گئے تو اہلیان کراچی اپنے بے سہارا بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔
ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین سندھ اسمبلی کی ہر ممکن مدد کریں۔الطاف حسین
لندن۔۔25جنوری2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سندھ اسمبلی کے احاطے میں مسمار کئے گئے کوارٹرز کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس امر کی شدید مذمت کی ہے کہ دو دن گذر جانے کے باوجود کھلے آسمان تلے بیٹھے متاثرین کی آبادکاری کے لئے سندھ حکومت نے اب تک کوئی موثر اقدام نہیں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک خالصتاً انسانی مسئلہ ہے۔ متاثرین جن میں مرد ، خواتین حتیٰ کہ بچے بھی شامل ہیں کھلے آسمان تلے سندھ حکومت سے مدد کی اپیل کررہے ہیں لیکن سندھ کی بے حس حکومت ان کی کوئی مدد نہیں کررہی ہے۔جناب الطاف حسین نے سندھ حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر24گھنٹوں میں متاثرین سندھ اسمبلی کی رہائش کے لئے متبادل اقدامات نہ کئے گئے تو اہلیان کراچی کھلے آسمان تلے بیٹھے اپنے بے سہارا بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ احتجاج میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرین سندھ اسمبلی کی ہر ممکن مدد کریں۔