ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر، تصاویر اور بیانات نشر اور شائع کرنے پر پابندی کے خلاف ایم کیوایم یوکے کی جانب سے لندن میں 10ڈاؤننگ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
مظاہرے میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ، بریڈ فورڈ اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں اور ہمدردوں کی بڑی تعداد میں شرکت
سخت سردی کے باوجود ایم کیوایم کے مظاہرے میں نوجوانوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی
پابندی کے خلاف مظاہرین کے زوردارنعرے ، سیاحوں میں مظاہرے کے مقاصدکے بارے میں ہینڈبل بھی تقسیم کئے گئے
قائد تحریک الطاف حسین کی تقاریر ، تصاویر اوربیانات نشراورشائع کرنے پر پابندی سراسرغیرآئینی، غیرقانونی اور غیرجمہوری ہے
حکومت آمرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے حق اورسچ کی آوازکودبانے کی کوششیں کررہی ہے۔،ایم کیوایم کے رہنماؤں کااظہارمذمت
پاکستان میں نام نہادجمہوریت کے نام پرآمریت کاراج ہے، اراکین رابطہ کمیٹی ایم کیوایم کی گفتگو
حکومت اوراس کے اداروں کی غلط پالیسیوں پرتنقیدکرنا سب سے بڑاجرم قراردیدیا گیا ہے
پابندیوں اورظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کو نکالا نہیں جاسکتا، اراکین رابطہ کمیٹی
ایم کیوایم پاکستان کی تیسری بڑی اور ایک قانون پسندجماعت ہے جوملک کے تمام ایوانوں میں نمائندگی رکھتی ہے
ایم کیوایم یوکے کی جانب سے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے نام یادداشت بھی پیش کی گئی
وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اس غیرقانونی اورغیرآئینی پابندی کے خاتمہ کیلئے اپنااثررسوخ استعمال کریں۔ایم کیوایم کی یادداشت میں اپیل
لندن ۔۔۔ 23 جنوری 2016ء
ایم کیوایم کے قائدجناب الطاف حسین کی تقاریر،تصاویراوربیانات نشراورشائع کرنے پر پابندی کے خلاف ایم کیوایم یوکے کی جانب سے آج دارالحکومت لندن میں برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10ڈاؤننگ کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں لندن، برمنگھم، مانچسٹر، شیفیلڈ، بریڈ فورڈاوردیگرشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردپاکستانیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ سخت سردی کے باوجودمظاہرے میں نوجوانوں اوربزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین اوربچوں نے بھی بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔مظاہرے میں رابطہ کمیٹی کے ارکان محمدانور، مصطفےٰ عزیزآبادی، محمداشفاق، منظوراحمد،ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے رکن اورسابق وفاقی وزیربابرخان غوری، سابق رکن سندھ اسمبلی اورایم کیوایم امریکہ کے سینٹرل فنانس سیکریٹری عارف صدیقی، ایم کیوایم یوکے جوائنٹ آرگنائزرسہیل خانزادہ اورآرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان اوریوتھ کے ارکان شریک تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں قائدتحریک جناب الطاف حسین کی تصاویر اور ایم کیوایم کے پرچموں کے ساتھ ساتھ مختلف پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کی جانب سے میڈیا پر جناب الطاف حسین کی تقاریر، تصاویر اور بیانات نشراورشائع کرنے پرعائدپابندی کرنے کے خلاف انگریزی میں مختلف مذمتی کلمات، مطالبات اور نعرے درج تھے ۔مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل زوردارنعرے لگاتے رہے۔10ڈاؤننگ آنے والے سیاحوں نے بھی مظاہرے میں دلچسپی کااظہارکیا۔ایم کیوایم یوکے کارکنوں نے سیاحوں میں ہینڈبل بھی تقسیم کئے جس میں ایم کیوایم کاتعارف اور مظاہرے کے مقاصدتحریر تھے ۔ اس موقع پررابطہ کمیٹی کے ارکان اوریوکے یونٹ کے ذمہ داران نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیاپر قائد تحریک الطاف حسین کی تقاریر ، تصاویر اوربیانات نشراورشائع کرنے پر پابندی کی شدید مذمت کی اوراس پابندی کوسراسرغیرآئینی، غیرقانونی اور غیرجمہوری قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے حق اورسچ کی آوازکودبانے کی کوششیں کررہی ہے۔پاکستان میں جمہوریت نہیں بلکہ نام نہاد جمہوریت کے نام پرآمریت کاراج ہے جہاں حکومت اوراس کے اداروں کی غلط پالیسیوں پرتنقیدکرنااورظلم وناانصافیوں کے خلاف آواز احتجاج بلند کرنا سب سے بڑاجرم قرار دیدیا گیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس طرح کی پابندیوں اورظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود عوام کے دلوں سے قائد تحریک الطاف حسین کی محبت کونکالانہیں جاسکتا۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ قائدتحریک کی تقاریر،تصاویراوربیانات نشراورشائع کرنے پر پابندی ختم کی جائے ۔ اس موقع پرایم کیوایم یوکے کی جانب سے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون کے نام ایک یادداشت بھی پیش کی گئی جس میں کہاگیاکہ ایم کیوایم پاکستان کی تیسری بڑی اور ایک قانون پسندجماعت ہے جوملک کے تمام ایوانوں میں نمائندگی رکھتی ہے ۔ جناب الطاف حسین اس کے متفقہ قائدہیں اوران کی تقاریر، تصاویر اور بیانات نشراورشائع کرنے پر پابندی عائد کرکے انہیں ان کے بنیادی حق سے محروم کردیاگیاہے۔یادداشت میں برطانوی وزیراعظم سے اپیل کی گئی کہ وہ اس غیرقانونی اورغیرآئینی پابندی کے خاتمہ کے لئے اپنااثررسوخ استعمال کریں۔