ایم کیوایم کے قائم مقام کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس
قائدتحریک الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات ٹی وی پر نشر کرنے، اخبارات میں قائدتحریک کے خطابات یا بیانات اور سرگرمیوں کی خبریں یا تصویر شائع کرنے پر پابندیوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ
ایم کیوایم کی جانب سے اتوار 24 جنوری کو سہ پہر 3 بجے کراچی میں مزار قائداعظم کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا
کارکنان و عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مظاہرے میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں۔ رابطہ کمیٹی
رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں قائدتحریک کی میڈیا کوریج پر پابندی کی ایک بار پھر سخت مذمت کی گئی
قائدتحریک کی میڈیاکوریج پر پابندی سراسر غیرقانونی، غیرآئینی، غیرجمہوری اور اظہار رائے کی آزادی سلب کرنے کا عمل ہے۔ رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 22 جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات ٹی وی پر نشر کرنے، اخبارات میں قائد تحریک کے خطابات یا بیانات اور سرگرمیوں کی خبریں یا تصویرشائع کرنے پر پابندیوں کے خلاف ایم کیوایم نے احتجاج کاسلسلہ شروع کرنے کافیصلہ کیاہے ۔اس بات کا فیصلہ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیاگیا جس کی صدارت قائم مقام کنوینرندیم نصرت نے کی ۔ اجلاس میں قائدتحریک کی میڈیا کوریج پر پابندی کی ایک بارپھر سخت مذمت کی گئی اوراس پابندی کوسراسرغیرقانونی، غیرآئینی ، غیرجمہوری اوراظہاررائے کی آزادی سلب کرنے کاعمل قراردیاگیا۔ اجلاس میں کہاگیا ایم کیوایم ایک قانون پسند اور جمہوریت پسند جماعت ہے جوعدم تشدداور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے لیکن ایم کیوایم جوملک کی تیسری بڑی جماعت ہے،اسے اس کے بنیادی حقوق سے محروم کیاجارہاہے اس کے قائدکی تقریر نشراور شائع کرنے پر پابندی لگاناسراسرآمرانہ اقدام ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ اس آمرانہ اقدام کے خلاف ہرسطح پر بھرپوراحتجاج کیا جائے گا۔ اجلاس میں اس پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کرنے کافیصلہ کیاگیا۔ اس فیصلے کے تحت اتوار 24جنوری کوسہ پہر 3بجے کراچی میں مزارقائداعظم کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان و عوام اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادسے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور تعداد میں شرکت کریں۔