سندھ حکومت نے سات برسوں میں شہری علاقوں بالخصوص کراچی کو بد انتظامی اور کچرے کا ڈھیر بنادیا ہے ،حق پرست ارکان سندھ اسمبلی
شہر میں جگہ جگہ گٹر اُبل رہے ہیں اور کچرے کے ڈھیر جمع ہیں جس کے سبب مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں
سپریم کورٹ کے حکم پربلدیاتی انتخابات کرانے کے بعد پیپلزپارٹی بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل کرنے سے گریزاں ہے
پیپلز پارٹی کراچی کے مئیر اور بلدیاتی نمائندوں کو بے اختیار کرکے شہر کو پتھروں کے دور میں دھکیلنا چاہتی ہے
سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2013ء کا جلد بازی میں اسمبلی سے منظور ہوناپیپلز پارٹی کی سازش کا حصہ ہے
وفاقی و صوبائی الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس سپریم کورٹ بلدیاتی نظام کو اپاہج کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کی سازشوں کا نوٹس لیں
ایم کیوایم کے ارکان سندھ اسمبلی کا مطالبہ
کراچی ۔۔۔22جنوری2016 ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہاہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی کو بد انتظامی اور کچرے کا ڈھیر بنادیا ہے ، شہر میں جگہ جگہ گٹر اُبل رہے ہیں اور کچرے کے ڈھیر جمع ہیں جس کے سبب مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ایک بیان میں حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہاکہ پہلے پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات کروانے سے اجتناب برتا اور اختیارات اپنی مٹھی میں رکھ کر صوبے میں کرپشن کا بازار گرم کیا اور اب سپریم کورٹ کے حکم پربلدیاتی انتخابات ہونے کے بعد پیپلزپارٹی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل سے گریزاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کراچی کے مئیر اور بلدیاتی نمائندوں کو بے اختیار کرکے شہر کو پتھروں کے دور میں دھکیلنا چاہتی ہے جس کیلئے وہ اپنی مرضی کی قراردادیں اسمبلی سے پاس کر وارہی ہے جس کی واضح مثال گزشتہ روزسندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ 2013ء کا جلد بازی میں اسمبلی سے منظور ہوناہے۔حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور صوبائی الیکشنزکمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ میں بلدیاتی نظام کو اپاہج کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کی سازشوں کا نوٹس لیکر سندھ میں بلدیاتی نظام کو آئین کی اصل روح کے مطابق بحال کریں ۔انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مئیر کے اختیارات صلب کرنے اور بلدیاتی نمائندوں کو بے اختیار کرنے کیلئے مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں ۔