حقائق بیان کرنے کی پاداش میں جناب الطاف حسین کے میڈیا واخباری بیانات پرپابندی عائدکی گئی ہے، ایم کیوا یم سکھر
آج داعش نے پورے ملک میں دہشت گردی شروع کردی ہیں تو بعض رہنما داعش کی کارروائیوں کوتسلیم کرنے پرمجبورہوگئے ہیں
وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر داخلہ داعش کی کارروائیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کیخلاف ملک بھر میں بھر پور کریک ڈاؤن کریں تاکہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے
ایم کیوا یم سکھر کے زونل انچار ج شہزادہ گلفا م و اراکین کا بیان
سکھر۔۔۔ 15 جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ سکھر زون کے زونل انچارج شہزادہ گلفا م و اراکین زونل کمیٹی نے کہاہے کہ حقائق بیان کرنے کی پاداش میں جناب الطاف حسین کے میڈیا واخباری بیانات پرپابندی عائدکی گئی ہے، جناب الطاف حسین نے ڈیڑھ سال قبل پاکستان میں داعش کی موجودگی اور بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے متعلق حقائق بیان کرکے قوم کواس خطرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہا تھالیکن حکمرانوں نے ان حقائق سے نظریں چرائیں، آج جب داعش نے پورے ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں شروع کردی ہیں تو بعض رہنما داعش کی کارروائیوں کوتسلیم کرنے پرمجبورہوگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جولوگ قائدتحریک الطاف حسین کی باتوں سے انکارکرتے تھے اوران کامذاق اڑاتے تھے ان تمام لوگوں کوآج شرمسارہوکرقوم سے معافی مانگنی چاہیے، اگرآج بھی حکمرانوں نے شترمرغ کی طرح ریت میں سردبائے رکھنے کی پالیسی جاری رکھی اور حالت انکارسے باہرنہ نکلے تومذہبی انتہاپسند عناصر پاکستان کوتباہ کردیں گے۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ وہ داعش کی کارروائیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کے خلاف ملک بھر میں بھر پور کریک ڈاؤن کریں تاکہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔