آج حکمرانوں کے گھروں پر بھی داعش دستک دینے لگی ہے۔ انبساط ملک
’’میں نہ مانو‘‘ کی رٹ لگانے والوں کے ہوش ٹھکانے آگئے
جناب الطاف حسین نے طالبان کی کراچی اور سندھ میں موجودگی سے قوم اور حکمرانوں کو سالہا سال قبل خبردار کردیا تھا
داعش کی موجودگی کا رونا رونے کی بجائے اس کے خلاف ایکشن کا اعلان کرکے میدان عمل میں آجانا چاہئے۔ انبساط ملک
لندن۔۔ 14جنوری2016ء
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن انبساط ملک نے ملک کے بعض سرکردہ سیاستدانوں کی جانب سے پاکستان میں داعش کی موجودگی کے انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بالآخر ہمارے حکمران اور سیاستدان ہوش میں آگئے ہیں اور ہٹ دھرمی ختم کرتے ہوئے اس امر کو تسلیم کر ہی لیا ہے جس کی نشاندہی جناب الطاف حسین نے بہت عرصہ قبل کردی تھی۔ انبساط ملک نے کہا کہ ’’میں نہ مانو‘‘ کی رٹ لگانے والوں کے ہوش اس وقت ٹھکانے آگئے جب ان کے اپنے گھروں میں داعش کے لوگ دستک دینے لگے۔ آج سیاستدان اور حکمران بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر نہ جانے کیوں بے یقینی کی کیفیت میں کسی سے مدد مانگ رہے ہیں۔ جبکہ داعش کی موجودگی اور اس کے اثرات سے جناب الطاف حسین مسلسل خبردار کررہے تھے۔ انبساط ملک نے کہا کہ جناب الطاف حسین نے طالبان کی کراچی اور سندھ میں موجودگی سے بھی قوم اور حکمرانوں کو سالہا سال قبل خبردار کردیا تھا ۔ مگر جس طرح کا نتیجہ آج پورا پاکستان اور اس کے عوام بھگت رہے ہیں۔ آج اس طرح داعش کا سرطان بھی ملک بھر میں سرائیت کرچکاہے۔ مگر ان کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے ہمیشہ ان کی موجودگی سے انکار کر کے اپنا دامن بچا لیا گیا۔ حکمرانوں اور سیاستدانوں پر معافی مانگنی چاہئے اور داعش کی موجودگی کا رونا رونے کے بجائے اس کے خلاف ایکشن کا اعلان کر کے میدان عمل میں آجانا چاہئے۔