مخصوص نشستوں اور مئیر ڈپٹی مئیر زکے انتخابات میں تاخیر سے پیپلز پارٹی کو دھاندلی کا موقع دیا جارہاہے،ڈاکٹر محمد فاروق ستار
عوامی حکومتوں کے خلاف ہونیوالی سازشوں پر صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے
5دسمبر کے بعد جوفنڈز بلدیاتی وزیر نے استعمال کئے ہیں وہ غیر آئینی اورعوامی وسائل پر قبضہ کرنے کے مترادف ہیں
مقامی وسائل کے بے دریغ استعمال سے نئی آنیوالی بلدیاتی حکومت کے پاس فنڈز کی کمی ہو جائے گی
مخصوص نشستوں کے انتخابات اور مئیر ڈپٹی مئیرز و دیگر انتخابات کیلئے شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے
معززسپریم کورٹ انتخابات کے اگلے مرحلوں میں تاخیری ہتھکنڈوں کے خلاف سوموٹو ایکشن لے
ایم کیوا یم کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستارکی لال قلعہ گراؤنڈ میں اراکین رابطہ کمیٹی اور بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس
کراچی۔۔۔10جنوری 2016ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کے ابتدائی تین مرحلوں کے بعد مخصوص نشستوں اور مئیر ڈپٹی مئیر زکے انتخابات میں تاخیر کے ذریعے پیپلز پارٹی کو دھاندلی کا موقع دیا جارہاہے اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر کی سازشیں کی جارہی ہیں،بلدیاتی حکومت صرف کاغذوں تک محدود ہے اگریکم جنوری سے مقامی حکومتوں کا کا م شروع ہوگیا ہوتا تو عوام کے مسائل کا حل اور وسائل کا صحیح استعمال بھی شروع ہوچکا ہوتا،جون میں مقامی حکومتوں کیلئے بجٹ کی تیاری بھی کرلی جاتی اور عوام بھی انکے ساتھ ہوتے۔اس قسم کی سازشیں آئین کے آرٹیکل140Aکی سراسر خلاف ورزی ہے، عوامی حکومتوں کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے خلاف چند روز میں صوبائی الیکشن کمیشن کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میں رابطہ کمیٹی اراکین ، حق پرست اراکین اسمبلی ،نامزد مئیر و ڈپٹی مئیر کراچی اور نومنتخب چےئر مین ،وائس چےئرمین اور کونسلرز کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیوا یم کے عوامی نمائندے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں بھی مئیر ڈپٹی مئیرز اور چےئر مین و ائس چےئرمین کے انتخابات میں تاخیر کے خلاف قراردادیں اور تحاریک التواء پیش کریں گے۔انہوں نے الیکشن کمیشن کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے تین مراحل مکمل ہوچکے ہیں لیکن اگلا مرحلہ خصوصی نشستوں کیلئے ہے جس میں خواتین ، نوجوانوں ، مزدوروں اور اقلیتوں کی نشستوں کیلئے انتخابات ہونے ہیں لیکن انکے لئے ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور ایسا معلوم ہوتاہے کہ انتخابات کی تکمیل سے الیکشن کمیشن او ر صوبائی حکومت کو سروکارنہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے مئیر ڈپٹی مئیر اور سندھ کی میونسپل قونصل اور میونسپل کمیٹیز کے انتخابات کا سلسلہ تاخیر کا شکار ہورہاہے لیکن اس تاخیر کا عمل سمجھ میں نہیں آرہا ۔انہوں نے کہا اس قسم کے اقدامات کے ذریعے پیپلز پارٹی کو دھاندلی کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کرنے کا موقع فراہم کیاجارہاہے اور جو آزاد امیدوار ایم کیوا یم کی حمایت کر چکے ہیں انہیں حراساں کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم نے وفاقی و صوبائی الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں اپنے تحفظات پر مبنی خط بھی لکھا ہے جو میڈیا نمائندگان کو فراہم کردیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کو ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر چکاہے اور اس دوران جوفنڈز بلدیاتی وزیر نے استعمال کئے ہیں وہ عوامی ووٹ کی نفی کرکے عوامی وسائل پر قبضہ کرنے اور بلدیاتی نمائندوں کو انکے جمہوری حق سے محروم کرنے کے مترادف ہے کیونکہ یہ وسائل اور فنڈز کو بیوروکریٹس استعمال کر رہے ہیں اور بلدیاتی حکومتوں کے فنڈز سے بغیر تصدیق کے بڑے بڑے بل اداکرکے مقامی وسائل کو بے دریغ استعمال کیا جارہاہے تاکہ نئی آنیوالی بلدیاتی حکومت کے پاس فنڈز کی کمی ہو جائے دوسری جانب صوبائی وزیر بلدیات نے نمائشی صفائی مہم کا اعلان کیا ہے جو صوبے کی عوام کو بیوقوف بنانے اور بلدیاتی اداروں کے اختیارات کے اسراف کیلئے شروع کی گئی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں نامزد مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی دھاندلیوں سے متعلق ہمیں ادراک ہے ،حلف اُٹھانے کے بعد آئینی و قانونی روشنی میں تمام معاملات کی تحقیقات کریں گے، فاروق ستار نے کہاکہ جو ٹھیکیدار ٹینڈرز لے رہے ہیں وہ بھی معاملات کا جائز ہ لیں ممکن ہے بلدیاتی نمائندے ان ٹینڈرز کو قبول نہ کریں،وسیم اختر نے کہاکہ 5دسمبر کے انتخابات میں ایم کیوا یم کی کامیابی کے بعد بلدیاتی وزیر عوامی نمائندوں کے وسائل اور اختیارات کا اسراف کر رہے ہیں جس پر آئینی و قانونی طریقے سے اب ان کا حق نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی ذمہ داریوں سے انحراف کر رہی ہیں اس لئے آج ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مخصوص نشستوں کے انتخابات اور مئیر ڈپٹی مئیرز و دیگر انتخابات کیلئے شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔فاروق ستارنے کہاکہ چونکہ انتخابات سپریم کورٹ کے احکامات پر ہوئے ہیں لہٰذاہم سپریم کورٹ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتخابات کے اگلے مرحلوں میں تاخیری ہتھکنڈوں کے خلاف سوموٹو ایکشن لیں۔