پی آئی اے ایسوسی ایشن کے صدر صفدر انجم کا حق پرست سینیٹر اور سینیٹ میں انسانی حقوق کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ نسرین جلیل سے ٹیلیفونک رابطہ
صفدرانجم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈی نینس کے خلاف سینیٹ میں اصولی موقف اختیار کرنے پر محترمہ نسرین جلیل سے دلی تشکرکااظہار کیا
ایم کیوایم نجکاری کے خلاف نہیں بلکہ شفاف طریقے سے نجکاری کا عمل چاہتی ہے جس میں ملازمین کے مفادات کو تحفظ حاصل ہو ، محترمہ نسرین جلیل
کراچی ۔۔۔یکم ، جنوری 2016ء
پی آئی اے ایسوسی ایشن کے صدر صفدر انجم نے حق پرست سینیٹر اور سینیٹ میں انسانی حقوق کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ نسرین جلیل سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈی نینس کے خلاف سینیٹ میں اصولی موقف اختیار کرنے پر دلی تشکر کااظہار کیا ۔صفدر انجم نے محترمہ نسرین جلیل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے صدارتی آرڈی نینس پر پی آئی اے کے ملازمین میں گہری تشویش پائی جارہی تھی اور ایم کیوایم نے سینیٹ میں اس کے خلاف آواز بلند کرکے پی آئی اے ایسوسی ایشن اور ملازمین سے یکجہتی کااظہار کیا ہے جس پر ہم ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کے بھی شکر گزار ہیں ۔ اس موقع پر محترمہ نسرین نے صفدر انجم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم اداروں کی نجکاری کے خلاف نہیں ہے بلکہ ایم کیوایم چاہتی ہے کہ نجکاری کے عمل میں ملازمین کی ملازمت اور مفادات کو تحفظ فراہم کیاجائے اور نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے کیاجائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ نجکاری کے عمل میں شفافیت نہیں ہوگی تو اس کے اثرات انتہائی منفی مرتب ہوں گے لہٰذا نجکاری کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔