ایم کیوایم کے قائدالطاف حسین کامردان میں خودکش بم دھماکے پراظہارمذمت
دہشت گرد عناصر سیکوریٹی فورسز، مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، پبلک مقامات پردھماکے کر رہے ہیں
نیشنل ایکشن پلان انہی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے بنایاگیاتھا
’’ جیٹ بلیک ‘‘ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے کراچی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اور
ذمہ داروں کوگرفتارکیاجارہاہے
اگر آپریشن کی سمت درست نہیں کی جائے گی توطالبان اورکالعدم تنظیموں کے ’’ جیٹ بلیک ‘‘ دہشت گرداسی طرح
خودکش حملے اوردھماکے کر تے رہیں گے ۔ الطاف حسین
مردان میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے اظہارتعزیت، زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا
لندن ۔۔۔ 29 دسمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے صوبہ خیبرپختونخوا کے شہرمردان میں خودکش بم دھماکے کی شدیدمذمت کی ہے اوراس واقعہ میں درجنوں افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گرد عناصر ایک طرف سیکوریٹی فورسزکو نشانہ بنارہے ہیں تودوسری جانب مساجد، امام بارگاہوں، بازاروں، پبلک مقامات پردھماکے کر رہے ہیں اورشہریوں کی جانیں لے رہے ہیں۔ آج کاواقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان انہی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے بنایاگیاتھالیکن افسوس ہے کہ ان ’’ جیٹ بلیک ‘‘ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے کراچی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اورذمہ داروں کوگرفتارکیاجارہاہے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ اگر آپریشن کی سمت درست نہیں کی جائے گی اوراصل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بجائے مذموم مقاصدکے لئے ساری توانائی ایم کیوایم کے خلاف استعمال کی جائے گی توطالبان اورکالعدم تنظیموں کے ’’ جیٹ بلیک ‘‘ دہشت گرداسی طرح خودکش حملے اوردھماکے کر تے رہیں گے اورشہریوں کونشانہ بناتے رہیں گے۔جناب الطاف حسین نے مردان میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کواپنی جواررحمت میں جگہ دے ۔انہوں نے زخمیوں کی صحتیابی کیلئے بھی دعاکی ۔