قائداعظم نے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے جوجدوجہدکی وہ تاریخ کاحصہ ہے ۔الطاف حسین
پاکستان کو ایک لبرل اورفلاحی ریاست بناکرہی قیام پاکستان کے اصل مقاصدحاصل ہوسکتے ہیں
قائداعظم پاکستان کوکیساوطن بناناچاہتے تھے اس کااظہارانہوں نے 11اگست 1947ء کو پاکستان کی دستورسازاسمبلی
سے تاریخی خطاب میں کردیاتھا
پاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک سے مذہبی انتہاپسندی کاخاتمہ کیا جائے
پاکستان میں آبادتمام مذاہب کے ماننے والوں کوپاکستانی کی حیثیت سے یکساں حقوق دیے جائیں
پاکستان کوایک لبرل اورفلاحی ریاست بنایاجائے،قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام
لندن۔۔۔24، دسمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان کو بانی ء پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے خوابوں کے مطابق ایک لبرل اورفلاحی ریاست بناکرہی قیام پاکستان کے اصل مقاصدحاصل ہوسکتے ہیں۔ قائداعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ قائداعظم محمدعلی جناح نے برصغیرکے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے جوجدوجہدکی وہ تاریخ کاحصہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم پاکستان کوکیساوطن بناناچاہتے تھے اس کااظہارانہوں نے 11اگست 1947ء کو پاکستان کی دستورسازاسمبلی سے تاریخی خطاب میں کردیاتھا۔اپنے اس خطاب میں قائداعظم نے صاف اورواضح الفاظ میں کہاتھا’’ اب پاکستان بن گیاہے، اب مسلمان آزادہے وہ مسجدمیں جائے، ہندو آزادہے وہ مندرمیں جائے ، سکھ آزاد ہے وہ گردوارے میں جائے اورعیسائی آزاد ہے وہ گرجاگھرمیں جائے ، مذہب کاریاست کے امورسے کوئی تعلق نہیں ہوگا ‘‘ ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کوقائداعظم کے خوابوں کے مطابق بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک سے مذہبی انتہاپسندی کاخاتمہ کیا جائے ، پاکستان میں آبادتمام مذاہب کے ماننے والوں کوپاکستانی کی حیثیت سے یکساں حقوق دیے جائیں اورپاکستان کوایک لبرل اورفلاحی ریاست بنایا جائے ۔