پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی میانوالی کی سیلو برادری کو زمین خالی کرنے کی دھمکیاں قابل مذمت ہیں،سینیٹرمیاں عتیق
سیلو برادری کے مطابق وہ نمل یونیورسٹی کیلئے پہلے ہی اپنی 40ایکڑ زمین عطیہ کر چکے ہیں
عمران خان کی جانب سے سیلو برادری کا احسان ماننے کے بجائے انکے گھروں کی زمین ہتھیانے کی دھمکیاں افسوسناک ہیں
ایم کیوا یم مشکل کی اس گھڑی میں سیلو برادری کے گھروں کے تحفظ کیلئے انکے ہمراہ ہے
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف میانوالی کی سیلو برادری کو دھمکیوں کا نوٹس لیں
سیلو برادری کی زمینوں اور جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے اور دھمکیاں دینے پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی کریں،صدر ایم کیوا یم پنجاب سینیٹر میاں عتیق کا مطالبہ
کراچی ۔۔۔20دسمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ پنجاب کے صدر و حق پرست سینیٹر میاں عتیق نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے میانوالی کی سیلو برادری کو آبائی زمین خالی کرنے کیلئے انتہائی نتائج کی دھمکیوں اور زور زبردستی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے مذمتی بیان میں میاں عتیق نے کہاکہ سیلو برادری کے عمائدین کے مطابق وہ نمل یونیورسٹی کیلئے پہلے ہی اپنی 40ایکڑ زمین عطیہ کر چکے ہیں لیکن افسوسناک بات ہے کہ عمران خان سیلو برادری کے اس احسان کا صلہ دینے کے بجائے انکے گھروں کی زمین ہتھیانے اور انہیں بے گھر کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم مشکل کی اس گھڑی میں سیلو برادری کے گھروں کے تحفظ کیلئے انکے ہمراہ ہے اور زور زبردستی انکو بے گھر کرکے زمین خالی کرانے کی مخالف ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے مطالبہ کیاہے کہ وہ عمران خان کی جانب سے میانوالی کی سیلو برادری کے عوام کو دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لیکر انکی زمینوں اور جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں اور انہیں بے گھر کرنے کی دھمکیاں دینے پر عمران خان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔