وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے قائداعظم کے دست راست اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کے دور کو کرپٹ قرار دینا قابل مذمت ہے۔ ندیم نصرت
قائم علی شاہ کایہ بیان ان کی متعصبانہ اور نفرت انگیز سوچ کا مظہر ہے۔ ندیم نصرت قائم مقام کنوینر ایم کیوایم
قائم علی شاہ اپنی حکومت کی ہوشربا کرپشن پر شرمسار ہونے اور اس کی روک تھام کرنے کے بجائے اسکے جواز پیش کررہے ہیں
خان لیاقت علی خان نے اپنے دور میں ایمانداری اور دیانتداری کی جو مثالیں قائم کی تھیں وہ آج بھی تاریخ کا حصہ ہیں
خان لیاقت علی خان نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی طرح قومی دولت کو نہیں لوٹا تھا۔ ندیم نصرت
جب خان لیاقت علی خان کو شہید کیا گیا اور ان کی میت کو غسل دیتے وقت ان کے کپڑے اتارے گئے تو ان کے کرتے پر بھی پیوند لگا ہوا تھا
قائم علی شاہ نے شہید ملت کے دور کو کرپٹ قرار دے کر ان کی قربانیوں اور مثالی کردار کی توہین کی ہے جس پر انہیں معذرت کرنا چاہیے
لندن۔۔۔ 11 دسمبر2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے قائم مقام کنوینرندیم نصرت نے وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کے اس بیان کی شدیدمذمت کی ہے جس میں انہوں نے تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اورقائداعظم کے دست راست اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کے دورکوکرپٹ دورقراردیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ قائم علی شاہ کایہ بیان ان کی متعصبانہ اور نفرت انگیز سوچ کا مظہر ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ امرانتہائی افسوسناک ہے کہ قائم علی شاہ اپنی حکومت کی ہوشربا کرپشن پرشرمسار ہونے اوراس کی روک تھام کرنے کے بجائے اس کے جواز پیش کررہے ہیں اوراس کے لئے وہ خان لیاقت علی خان کے دور کو بھی کرپٹ دورمیں شامل کر رہے ہیں حالانکہ خان لیاقت علی خان نے اپنے دورمیں ایمانداری اوردیانتداری کی جومثالیں قائم کی تھیں وہ آج بھی تاریخ کاحصہ ہیں ، خان لیاقت علی خان نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی طرح قومی دولت کونہیں لوٹاتھا بلکہ جب انہیں شہید کیا گیا اور ان کی میت کوغسل دیتے وقت ان کے کپڑے اتارے گئے توان کے کرتے پربھی پیوندلگاہواتھا۔ندیم نصرت نے کہاکہ قائم علی شاہ نے شہید ملت کے دور کوکرپٹ قراردے کران کی قربانیوں اورمثالی کردارکی توہین کی ہے جس پر انہیں معذرت کرناچاہیے۔