سفاری پارک میں چھ گھنٹے سے زائد جاری پولیس مقابلے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت تین پولیس افسران کی ہلاکت پررابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
فرض شناش افسران کی جانب سے جانیں خطرے میں ڈال کرجرائم پیشہ عناصر سے مقابلہ کرنا قابل ستائش ہے جس سے پولیس کا وقار بلند ہوا ہے
شہید ہونیوالے پولیس افسران کو معاوضہ اور سوگواران کو پولیس کے محکمے میں ملازمت دی جائے، رابطہ کمیٹی کا حکومت سندھ سے مطالبہ
کراچی: ۔۔۔15؍اگست2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے سفاری پارک میں جرائم پیشہ عناصراورپولیس کے درمیان چھ گھنٹے سے زائد جاری مقابلے کے نتیجے میں ڈی ایس پی قاسم غوری سمیت تین پولیس افسران کی شہادتوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورجام شہادت نوش کرنیوالے افسران کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سندھ پولیس کے فرض شناش افسران جس طرح اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر جدید ہتھیاروں سے مسلح جرائم پیشہ عناصرکا مقابلہ کررہے ہیں وہ قابل ستائش ہے جس سے نہ صرف سندھ پولیس کاوقاربلندہواہے بلکہ پولیس پرعوام کااعتمادبھی بحال ہواہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سفاری پارک کراچی کابڑا تفریحی مقام ہے جہاں صبح سے ہی عوام خصوصاًفیملیزخواتین اوربچوں کاجم غفیرموجودرہتاہے ایسے مقام پربڑی تعدادمیں ڈاکوؤں کی موجودگی کراچی کے شہریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ پولیس کے محکمے میں شامل کالی بھیڑوں نے محکمہ پولیس کوبری طرح بدنام کردیا ہے تاہم آج بھی پولیس میں فرض شناش اور بہادر افسران واہلکاروں کی بدولت اس محکمے کامورال بلندہے۔رابطہ کمیٹی نے سفاری پارک پولیس مقابلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہیدہونیوالے پولیس افسران کوزبردست سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ تفریحی مقامات پر جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورسفاری پارک مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر اورفرض شناش افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کومعقول معاوضہ اور سوگواران میں سے کسی ایک فردکوسندھ پولیس میں ملازمت دی جائے۔