چنیسرگوٹھ میں ایم کیوایم کو ووٹ دینے والوں کو پیپلز پارٹی کے عناصر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت
حکومت سندھ اور ڈی جی رینجرز پیپلز پارٹی کی کھلی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کا نوٹس لیں،رابطہ کمیٹی
کراچی ۔۔۔ 07، دسمبر 2015ء
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے چنیسرگوٹھ میں ایم کیوایم کو ووٹ دینے والوں کو پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دینے او رتشدد کا نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ضلع شرقی کی یونین کونسل میں حق پرست امیدوار کی یقینی کامیابی کو دیکھ کر پیپلز پارٹی بوکھلا ہٹ کا شکار ہوگئی اور اس کے مسلح دہشت گرد عناصرنے صرف کھلی دھاندلیاں ہی شروع نہیں کیں بلکہ دوسری جانب ایم کیوایم کے ہمدردوں اور ووٹروں کو تشدد کانشانہ بھی بنایا ، بربریت کا سلسلہ الیکشن کے بعد بھی ختم نہ ہوا بلکہ آج بھی پیپلز پارٹی کے مسلح مقامی عناصردن بھر چنیسر گوٹھ میں دندناتے پھر رہے ہیں اور ایم کیوایم کے ہمدردوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم اس طرز عمل کی شدید مذمت کرتی ہے اور حکومت سندھ اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے عناصر کی اس کھلی دہشت گردی اور غنڈہ گردی کا نوٹس لیں، اس میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر یں او ر ایم کیوایم کے ہمدردوں اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔