حقیقی دہشتگردوں نے لانڈھی کے پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کیا، انہیں پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال کر ان پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرلیا، سردار احمد
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے لانڈھی میں پرامن انتخابات کی مکمل یقین دہانی تک انتخابات ملتوی کرائے جائیں
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں حق پرست پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کا صوبائی الیکشن کمیشنر کو خط
کراچی ۔۔۔ 05، دسمبر 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما و سندھ اسمبلی میں حق پرست پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے صوبائی الیکشن کمیشنر کو ایک خط کے ذریعے لانڈھی کی مختلف یوسیز میں حقیقی دہشتگردوں کی جانب سے انتخابی عمل کے دوران طاقت کے ذریعے متحدہ قومی موومنٹ کے پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے اور پولنگ اسٹیشز پر قبضہ کرنے کے متعلق آگاہ کیا ہے۔ ہفتہ کی صبح صوبائی چیف الیکشن کمیشنر کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ حقیقی دہشتگردوں نے لانڈھی کی یوسی نمبر 15، 16، 17، 18، 19، 20 اور 21 میں ایم کیو ایم کے ووٹ بینک کو نقصان پہنچانے کے لئے طاقت کے ذریعے ایم کیو ایم کے پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کیا، انہیں پولنگ اسٹیشنز سے باہر نکال کر ان پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرلیا۔ لہٰذا ہماری درخواست ہے کہ لانڈھی میں دہشتگردوں کی جانب پیدا کئے جانے والے کشیدہ حالات کے تناظر میں مذکورہ یوسیز میں پولنگ کا عمل روک دیا جائے تاوقت کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لانڈھی میں پرامن انتخابات کی مکمل یقین دہانی کرائی جاتی۔